سندھ

پوری امت مسلمہ حرمین شریف کی حفاظت اور پاکستان کے دفاع کیلئے کٹ مرنے کو تیار ہے، مولانا فضل الرحمن

سکھر: متحدہ مجلس عمل کے سربراہ اور قائد جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ امریکہ مسلمانوں کا ازلی دشمن ہے، افغانستان، عراق اور لبیا کے بعد اب پاکستان، سعودی عرب، ایران اور دوسرے اسلامی ممالک اس کا ہدف ہیں، ان ممالک کو امریکہ کی جانب سے بلیک لسٹ میں شامل کرنا اس کے مذموم عزائم کی عکاسی کرتا ہے، عالم اسلام متحد ہوکر اس بدمست ہاتھی کو نکیل ڈالے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدینہ منورہ سے جے یو آئی کے مرکزی رہنماؤں مولانا سائین عبدالقیوم ہالیجوی، علامہ راشد خالد محمود سومرو، آغا سید محمد ایوب شاہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں کیا۔

سکھر سے جے یو آئی کے ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری مولانا عبدالحق مہر کے جاری کردہ بیان میں مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ یہودی قوتیں ٹرمپ کو آئندہ الیکشن میں کامیاب کرانے کیلئے کسی بھی اسلامی ملک کو نشانہ بنا سکتی ہیں، اس لئے ہم عالم اسلام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ امت مسلمہ کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے تمام فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر جلد متحد ہو جائے۔ مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے حکمران غلط فہمی کا شکار ہیں کہ امریکہ ہمارا دوست ہے یا وہ ہم سے کوئی مدد مانگ رہا ہے بلکہ وہ ہمیں اپنے ناپاک جال میں پھنسا رہا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہلی اور نا تجربے کار حکومت نے ملک کو داخلی اور خارجی محازوں پر کمزور پوزیشن میں لاکھڑا کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان کی یوٹرن سیاست نے ملک کو غیریقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے، ایسے حکمران امت مسلمہ کیلئے سب سے بڑا المیہ ہیں۔ انہوں نے سندھ میں گیس کے حالیہ بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی اطلاع بھی جعلی وزیراعظم کو ٹی وی سے ملی ہوگی۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے قومی شاہراہوں پر قائم دینی مدارس کو سیکورٹی رسک قرار دینے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آخر مدارس پر ہی حکمرانوں کی سوئی کیوں اٹک جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کو مسائل کی طرف حکمرانوں کی توجہ کیوں نہیں جاتی، پی ٹی آئی کی مرکزی حکومت کی طرح پی پی کی صوبائی حکومت بھی عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے عالمی قوتوں کو خوش کرنے کیلئے مذہبی معاملات اور تنازعات میں الجھ کر اپنے لئے خسارے کا راستہ اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ حرمین شریف کی حفاظت اور پاکستان کے دفاع کیلئے کٹ مرنے کو تیار ہے، امریکہ شکست کے قریب پہنچ چکا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close