سندھ

50 لاکھ گھر منصوبہ، گورنر سندھ کی سیلانی ویلفیئر کو پارٹنرشپ کی دعوت

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ 50 لاکھ گھروں کا اعلان، جو وزیراعظم پاکستان کی جانب سے کیا گیا ہے، اس میں رہنمائی کیلئے میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کو پارٹنر شپ کی دعوت دیتا ہوں، اس ضمن میں زمین ہم فراہم کرینگے، آپ اسے تعمیر کریں اور مستحق لوگوں کو فراہم کریں، اس کارخیر کیلئے جلد وزیراعظم پاکستان سے 5 ہزار فلیٹوں کیلئے زمین لیکر دونگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ حیدرآباد کی جانب سے کم آمدنی والے افراد کو 92 فلیٹس کی چابیوں کی تقسیم اور ”سیلانی اپنا گھر اسکیم III‘‘ کے 200 فلیٹس کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا، رکن اسندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، ایم پی اے ندیم صدیقی، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا محمد بشیر احمد فاروقی سمیت دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی شہر میں کوئی بھوکا نہیں سوتا، یہ سب حکومتی ذمہ داریوں میں شامل ہے، لیکن جب حکومتیں عوام کو یہ سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہو جاتی ہیں، تب سیلانی ویلفیئر جیسے ادارے سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلانی ویلفیئر ہو یا عبدالستار ایدھی، یہ تمام فلاحی ٹرسٹ امریکا یا یورپ میں نہیں چل سکتے، کیونکہ وہاں کی حکومتیں اپنے عوام کی خیال کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی حال میں ہی وزیراعظم پاکستان نے مجھے شیلٹر ہوم کے انتظامات کیلئے کہا تھا، میں آپ سے گذارش کرتا ہوں کہ شیلٹر ہوم کے منصوبے میں بھی ہماری معاونت کریں، ہم اسے فوری طور پر شروع کرنا چاہتے ہیں۔ تقریب میں گورنر سندھ عمران اسمعیل نے فلیٹ مالکان کو فلیٹ کی چابیاں دیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close