Featuredسندھ

لاڈلے کے پھٹے ہوئے ڈھولوں نے آج پھر للکارا ہے، ہم ان ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے، آصف زرداری

نوڈیرو: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ لاڈلے کے پھٹے ڈھولوں نے آج پھر للکارا ہے، لہٰذ ہم انہیں اکیلے ہی منہ دیں گے۔ نوڈیرو میں شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ آصف زرداری نے کہا کہ لاڈلے کے پھٹے ہوئے ڈھولوں نے آج پھر للکارا ہے، ان سب کے ڈھول پھٹے ہوئے ہیں، ہم ان کے بنائے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے، پہلے بھی ان ہتھکنڈوں کا مقابلہ کیا اور اب بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول میرا اور بے نظیر کا بیٹا ہے، اسے کیا ڈراؤ گے، ان سب کو ہم پی پی والے اکیلے ہی منہ دیں گے اور ہمارے جیالے منہ دیں گے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ میں نے سو دنوں میں نے بی بی کارڈ دے دیا تھا، آئینی ترمیم کا کام کر دیا تھا، انہوں نے سو دنوں میں کچھ نہیں کیا، یہ کہتے ہیں کہ سو دن بہت کم ہیں، جو کام کرنا جانتا ہو اس کے لئے بہت ہیں جسے کچھ نہیں آتا اس کے لیے کچھ نہیں، ان کو سوائے ٹی وی پر بکواس کے اور کچھ نہیں آتا۔ آصف زرداری نے مزید کہا کہ ہم ان سے جمہوری طریقے سے مقابلہ کریں گے، ٹھپے مار کر دوبارہ الیکشن جیتیں گے، ان سے حکومت نہیں چلائی جائے گی، یہ پاکستان کو نہیں چلاسکتے اور معیشت کو بھی نہیں سنبھال سکتے۔

پیپلز پارٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کو دنیا کے دوستوں سے بڑی مدد ملی ہے لیکن اس کے باوجود ان سے ملک نہیں چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نہ وہ دیکھ سکتے ہیں، نہ سن ستے ہیں اور نہ بول سکتے ہیں، ان کے پاس کوئی سوچ سمجھ نہیں، ہم ان سے عدالتوں سمیت ہر جگہ لڑیں گے، ہم سب لڑنے کے لئے تیار ہیں اور یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جہاں سے یہ شروع کریں گے، وہاں سے ہم ختم کریں گے، جس نے بھی آنا ہے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، ہم باپ بیٹا اور پوری پارٹی کھڑے ہیں، ان کا مقابلہ کریں گے اور جواب دیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close