سندھ

ملک کو سیکولر اسٹیٹ بنانیکی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے، کرپشن کو سیاست کی نظر نہ کیا جائے، صاحبزادہ ابوالخیر

حیدرآباد: جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کی مجلس شوریٰ و عاملہ کا مشترکہ اجلاس رکن الاسلام جامعہ مجددیہ میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی الیکشن کمیٹی قاری عبدالرشید اعوان، شاہد حسین اعوان، مولانا معشوق علی مجددی اور قاری نیاز احمد نقشبندی کی نگرانی میں جے یو پی سندھ کے صدر و سینیئر نائب صدر کا انتخاب عمل میں آیا، صاحبزادہ افتخار احمد عباسی بلامقابلہ متفقہ طور پر جے یو پی سندھ کے صدر اور قاضی احمد نورانی سینیئر نائب صدر منتخب ہوئے، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت کے سیکولر ایجنڈے کے تناظر میں اہم فیصلے کئے گئے، سندھ بھر میں ضلعی کنونش منعقد کئے جائیں گے، صوبائی کنونشن اور علماء مشائخ کانفرنسز کا اہتمام کیا جائے، حکومت کے سیکولر ایجنڈے کو ناکام بنانے کیلئے عوامی رائے عامہ ہموار کی جائے گی، اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے صدر ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ ملک کو سیکولر اسٹیٹ بنانے کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، کرپشن کو سیاست کی نظر نہ کیا جائے، حزب اختلاف اور حزب اقتدا دونوں کے کرپٹ بدعنوان افراد کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کی جائے، یکطرفہ کاروائی سے احتساب کا عمل داغدار ہوجائے گا، اس پر لوگ انگلیاں اٹھائیں گے۔

حکومت نے غریب کو گھر دینے اور کئی لاکھ نوکریاں فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا مگر افسوس انکروچمنٹ کے نام پر لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا گیا، ان کے سروں سے چھت چھین لی گئی ہے، کئی لاکھ افراد بے روزگار کر دیئے گئے، انہیں ریگولر کرنے والے کرپٹ افسران کے خلاف کیوں کارروائی نہیں کی جاتی؟ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، غربت، افلاس اور بیروزگاری نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں، ڈالر آسمان سے باتیں کر رہا ہے لیکن حکومت عوام کو کوئی ریلیف دینے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت (ص) اور ختم نبوت (ص) کے قوانین کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، حکومت کے غیر شرعی اقدامات کے خلاف بھرپور تحریک چلائیں گے، اس سلسلے میں 3 فروری کو کراچی میں علماء مشائخ کنونشن منعقد کیا جائے، سکھر یا لاڑکانہ میں ختم نبوت کانفرنس ہوگی، انہوں نے کہا کہ حکمراں کشکول اٹھائے دنیا بھر میں پھر رہے ہیں، یورپی یونین ناموس رسالت (ص) اور ختم نبوت (ص) کے قوانین کو ختم کرانے کیلئے ڈالروں کی آفر دے ر ہی ہے۔ ریاست مدینہ کا نظام نافذ کرنے کیلئے ناموس مصطفےٰ (ص) اور ختم نبوت (ص) کے قوانین کا تحفظ کیا جانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی بقاء اور تحفظ کیلئے تمام مذہبی قوتوں کو ملکر جدوجہد کرنی چاہیئے، پاکستان پر لادین قوتوں کے خطرات منڈلا رہے ہیں، قادیانیوں کی ریشہ دوانیوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے، اسلامی قوانین کے خلاف قانون سازی کی جا رہی ہے، نصاب سے اسلامی تعلیمات کو نکالا جا رہا ہے، ملالہ کے مضامین نصاب میں شامل کرکے سیکرلو قوتوں کو خوش کیا جا رہا ہے۔ اجلاس سے نومنتخب صدر افتخار احمد عباسی، میاں منیر احمد جامی، سید عقیل انجم قادری، قاری عبدالرشید اعوان، شاہد حسین اعوان، قاری نیاز احمد نقشبندی، ناظم علی آرائین، ڈاکٹر محمد یونس دانش، صاحبزادہ محمود احمد قادری، مولانا معشوق علی مجددی، مولانا بشیر القادری، مولانا رفیع الرحمن، حافظ گل حسن، حافظ اشفاق حسین قادری، علی شیر جتوئی، حافظ گھنور علی، پیر غلام رسول ملتانی، ڈاکٹر میر محمد حسینی، محمد رضوان شیخ نے خطاب کرتے ہوئے ملکی سیاسی صورتحال اور جمعیت علماء پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علماء اہلسنت کو گرفتار کرکے دیوار سے لگایا جا رہا ہے، پاکستان بنانے میں علماء و مشائخ اہلسنت نے قربانیاں دیں، لیکن آج ان کی قربانیوں کو فراموش کرکے اہلسنت پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے، اہلسنت نے ہمیشہ پُرامن جدوجہد کی ہے، ملک کی تعمیر اور ترقی میں علماء اہلسنت کا کردار رہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close