سندھ

فاروق ستار کا وزیراعظم کو خط، 21 اہم رہنماؤں کیلئے سیکیورٹی مانگ لی

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیرِاعظم عمران خان کو خط لکھ کر مزید اہم شخصیات کی سیکیورٹی مانگ لی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی کے قتل کے بعد کراچی میں اہم شخصیات کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

دو روز قبل ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی اپنے انہیں خدشات کا اظہار وزیرِ اعظم عمران خان کو ایک خط لکھ کر کیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے لکھے گئے خط میں ایم کیو ایم پاکستان کے متعدد رہنماؤں کی جان کو لاحق خطرات کے بارے میں بتایا گیا۔

سینئر سیاست دان نے اپنے خط میں بتایا کہ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے 21 اہم رہنماؤں کی جان کو خطرات لاحق ہیں اور مطالبہ کیا کہ ان تمام افراد کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

خط میں جن افراد کا نام شامل کیا گیا ہے ان میں ڈاکٹر فاروق ستار، وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، کنور نوید جمیل، فیصل سبزواری، خواجہ اظہار الحسن، میئر حیدرآباد طیب حسین اور ڈپٹی میئر سہیل مشدی شامل ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیرِا عظم عمران خان سے درخواست کی کہ شہر میں ہونے والے موجودہ واقعات کے پیش نظر مندرجہ بالا فہرست میں موجود افراد کے لیے سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے ہمیں آگاہ کیا جاتا رہا ہے کہ ہماری جان کو خطرہ ہے، تاہم ہم نے اپنے طور پر سیکیورٹی کے اقدامات کیے ہیں۔

سینئر سیاست دان کا کہنا تھا کہ اپنے طور پر کیے جانے والے اقدامات کے باوجود حکومتی سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے۔

خیال رہے کہ 25 دسمبر کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی کو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے نشانہ بنایا اور وہ جاں بحق ہوگئے۔

اس واقعے سے ایک روز قبل پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے دفتر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں پارٹی کے 2 کارکنان مارے گئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close