سندھ

’وزیر اعلیٰ سندھ 20 سے 25 روز میں مستعفی ہوجائیں گے‘

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ 20 سے 25 روز میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیرزمان نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 11 سال سے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں شکایتی مرکز قائم ہے، مراد علی شاہ کو جواب دینا ہوگا کہ انہوں نے عوام کی کتنی شکایات اور مسائل کو حل کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو پینے کا پانی نہیں ملتا، روزگار، تعلیم، صحت، سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ سب کا برا حال ہے، حکومت کہیں نطر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم یہاں اداروں کو جگانے آئے ہیں اور یہ بتانے آئے ہیں کہ آپ کا حکومت چلانے کا یہی رویہ رہا تو ہم آپ کو چلنے نہیں دیں گے‘۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان نے سٹیزن پورٹل پاکستان بنایا تھا جس پر صوبہ سندھ کے پورٹل پر اب تک 18 سے 20 ہزار شکایات ملی ہیں تاہم سندھ حکومت نے ان میں سے صرف 900 شکایات پر کارروائی کی ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ سے ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کے مسائل کے حل کے لیے چیف سیکریٹری کے پاس آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ عوام کے مسائل مل کر حل کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’دودھ کی رکھوالی کے لیے بلے کو نہیں بٹھایا جاسکتا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’مراد علی شاہ کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے خدشہ ہے کہ وہ اپنے خلاف تمام ثبوتوں کو تباہ کردیں گے‘۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close