سندھ

علی رضا عابدی قتل کی جے آئی ٹی کے سامنے فاروق ستار پیش

کراچی: سینئر سیاستدان فاروق ستار قتل ہونے والے علی رضا عابدی قتل کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے علی رضا عابدی قتل کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔ فاروق ستار سے علی رضا عابدی کے حوالے سے آدھے گھنٹے تک سوالات پوچھے گئے۔

 ایس ایس پی پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی قتل کیس میں گزشتہ روز اہم رہنماؤں کو طلب کیا گیا تھا اور کیس میں مزید لوگوں کو طلب کرسکتے ہیں۔ ترجمان ڈاکٹر فاروق ستار نے اس متعلق کہا کہ آج فاروق ستار شہید علی رضا عابدی قتل کیس کے سلسلے میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے، انہوں نے تحقیقاتی کمیٹی کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

ترجمان کے مطابق شہید علی رضا عابدی سے سیاسی نظریاتی اور ذہنی ہم آہنگی کو نظر میں رکھتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کو بلایا گیا اور انہوں نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

اس سے قبل علی رضا عابدی قتل کیس کی تحقیقات کے لئے ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی، ٹیم کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیتے ہوئے روزانہ رپورٹ دینے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے علی رضا عابدی کو ان کے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close