Featuredسندھ

چاہتے ہیں حکومت مدت پوری کرے لیکن وزراء کے رویئے سے مشکل لگ رہا ہے، خورشید شاہ

سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں حکومت اپنی مدت پوری کرے لیکن حکومتی وزراء کے رویئے کی وجہ سے یہ مشکل لگ رہا ہے، اگر اپوزیشن لیڈر نہیں ہوگا تو پارلیمنٹ کیسے چلے گی، ہم نہیں چاہتے کہ کوئی سول نافرمانی کی تحریک چلے، قوم کو پتہ ہے کیسے الیکشن ہوئے، ڈبے کھلے تو سب کو پتہ چل جائے گا، بنی گالہ کو ریگولرائز کیا جاسکتا ہے تو دیگر کو بھی کرنا چاہیئے، حکومت کا فرض ہے کہ لوگوں کو چھت فراہم کرے، وزیراعظم عمران خان کے بیان کو لوگوں نے غلط سمجھا، انہوں نے 50 لاکھ گھر تعمیر کرکے دینے کی نہیں بلکہ گرانے کی بات کی تھی۔ سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر موجودہ سیاسی صورتحال بہتر نہیں ہے اور حکومتی وزراء کا اپوزیشن کے ساتھ رویہ درست نہیں، اگر اپوزیشن لیڈر اسمبلی میں نہیں آئے گا تو وزراء بھی نہیں آسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان قرض لینے کے بجائے خودکشی کرنے کو ترجیح دیتے تھے لیکن آج قرضہ آ رہا ہے تو شامیانے بجائے جا رہے ہیں، جو قرضہ لیا جا رہا ہے اسے ہاتھ بھی نہیں لگایا جا سکتا کیونکہ یہ پیسہ صرف ذخائر میں رکھنے کے لئے ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اگر بنی گالہ کو ریگولرائز کیا جاسکتا ہے تو دیگر کو بھی کرنا چاہیئے، امیر کو چھت چاہیئے تو غریبوں کو بھی سر پر چھت چاہیئے، بنی گالہ کے ریگولائزیشن ہونے پر ہمیں اعتراض نہیں اور بنی گالا اس لئے ریگولرائز ہوا کیونکہ وہاں وزیراعظم رہتے ہیں، لیکن یہاں وزیراعظم کے گھر کو بچایا جا رہا ہے جب کہ غریبوں کے گھر گرائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اب بھی کنٹینر سے باہر نہیں نکل رہے، وہ اب بھی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں کیونکہ انہیں سیاست نہیں آتی ہے، عام انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے جو باتیں کیں حکومت میں آنے کے بعد اس کے الٹ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسد عمر کی آئندہ انتخابات میں الیکشن نہ خریدنے کی بات پر کہا کہ اسد عمر نے آرمی چیف پر براہ راست الزام عائد کردیا ہے اور اگر اسد عمر کی بات درست ہے تو آرمی چیف کو فوری نوٹس لینا چاہیئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ حالیہ بجٹ تو صنعت کاروں سے کئے گئے وعدے کیلئے تھا، صنعت کاروں کو ریلیف دینا چاہیئے لیکن کیا زراعت کو ریلیف دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ لوگوں کو چھت فراہم کرے جن کے پاس نہیں ہے، اگر قبضے ہیں تو پھر گھر گرائے جاسکتے ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں حکومت اپنی مدت پوری کرے لیکن حکومتی وزراء کے رویئے کی وجہ سے یہ مشکل لگ رہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close