سندھ

فرسودہ نظام اور کرپٹ قیادت نے ملک و قوم کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، محمد حسین محنتی

کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول (ص) سے بغاوت پر مبنی فرسودہ نظام اور کرپٹ قیادت نے ملک و قوم کو اللہ کی نعمتوں سے محروم اور مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، تیل گیس اور کوئلہ سمیت قدرتی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود آج پاکستان کے عوام غربت و افلاس کا شکار اور صحت، تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں، مسائل کا واحد حل قرآن و سنت کا نظام اور کرپٹ قیادت سے نجات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کی برادر تنظیمات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں این ایل ایف، اسلامی جمعیت طلبہ، جے آئی یوتھ، جمعیت طلبہ عربیہ، تنظیم اساتذہ، اسلامک لائرز فورم، پیما، انجنیئرنگ فورم اور ایما سمیت دیگر برادر تنظیمات کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

اجلاس سے صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے بھی خطاب کیا جبکہ صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز، سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، ناظم تنظیم محمد مسلم بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی غلبہ اسلام کی تحریک ہے جو اپنے قیام کے روز اول سے ہی اقامت دین و اصلاح معاشرہ کیلئے جدوجہد کررہی ہے، برادر تنظیمات کسی بھی تحریک کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کیلئے اہم کردار ادا کرتی ہیں، ان کے قیام کا مقصد بھی یہی تھا کہ زندگی کے ہر دائرے میں لوگوں تک دعوت کا پیغام پہنچایا جائے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ جو دین کا کام کرتا ہے وہ دراصل اپنی دنیا و آخرت کو بنانے کا کام کررہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close