سندھ

وزیراعظم عمران کی باتوں سے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، مرتضیٰ وہاب

کراچی: مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی بحران میں مبتلا کرنے کی ذمہ دار تحریک انصاف کی نااہل حکومت ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو مجبوری بتایا جا رہا ہے، معیشت ان سے سنبھل نہیں رہی اور الزام سیاست دانوں پر لگاتے ہیں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔ مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ گیس کمپنیوں کو بند کرنے کے خطرہ سے قوم کو ڈرایا اور ذہنی اذیت دی جا رہی ہے، تحریک انصاف ذہنی طور پر ابھی کنٹینر پر ہی کھڑی ہوکر راگ الاپ رہی ہے، وزیراعظم کنٹینر سے اتر کر حقیقت کا سامنا کریں اور عوام کے مسائل حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم بنی گالا سے دفتر کے سفر کو سادگی کہتے ہیں لیکن سادگی اور خودداری کا بنیادی فرق تحریک انصاف کو سمجھ نہیں آتا، مہمان نوازی اور اپنا حقِ خودارادیت گروی رکھنے کا بنیادی نکتہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ وفاق کی جانب سے محرومی کی خاموش آواز بنتا جا رہا ہے، تحریک انصاف ملک کو تباہی کے دہانے پر لاچکی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعظم کی باتوں سے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، لیکن ہمارے حکمرانوں کو اس کی پرواہ نہیں ہے، ملک میں مہنگائی کے بم سے لوگوں کو جینا ناممکن کردیا اور افراطِ زر جن سے معاشی صورتحال ابتر سے ابتر اور بے روزگاری میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے، لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے سب اچھا ہے کی رٹ لگا رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو پیپلز پارٹی سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے، جہاں گیس اور بجلی کی مصنوعی قلت اور اشیاء خورد نوش کی قیمیتوں میں اضافے کے سبب عوام کو دوہرے عذاب میں مبتلا کردیا گیا ہے، لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کے حقوق کے لئے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور عوام کے حق کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ عوام کی تکالیف کم ہوسکیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close