سندھ

عوام کو سنہرے خواب دکھانے والی تبدیلی سرکار کی چھ ماہ کی کاکردگی ناقص ہے، محمد حسین محنتی

کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد گیس میں 120 روپے فی یونٹ اضافہ اور گھریلو سلینڈر کی قیمت میں 9 روپے مہنگی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی کی دعویدار حکومت کی جانب سے پیٹرول ڈیزل اور گیس مہنگی کرکے مہنگائی، بیروزگاری اور بھوک و افلاس کے مارے عوام پر مہنگائی کا ایک اور ڈرون حملہ کیا گیا ہے جس سے عوام کی زندگی اور مشکل ہوجائے گی، تبدیلی کی دعویدار حکومت میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مسلسل مہنگائی اور اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے۔

انہوں آج ایک بیان میں مزید کہا کہ تبدیلی کے نام پر عوام کو سنہرے خواب دکھانے والی پی ٹی آئی سرکار نے اپنے چھ ماہ کی کاکردگی میں مہنگائی اور بیرونی قرضوں میں اضافے کے علاوہ اور کچھ بھی ڈلیور نہیں کیا ہے، تھانہ کلچر، ہسپتالوں کی بدتر صورتحال اور شہری انفرااسٹرکچر زبوں حالی کا شکار ہے، کراچی کے بعد اب لاہور بھی گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے جبکہ عوام تحریک انصاف کی حکومت سے شدید بدظن ہوچکے ہیں، پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کی کرپشن، بیڈگورننس کی وجہ سے پی ٹی آئی کو ووٹ ملے، مگر انہوں نے بھی عوام کے دکھوں کا مداوا اور ریلیف دینے کی بجائے آئی ایم ایف اور دیگر عالمی اداروں کی ڈکٹیشن پر بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرکے عوام کے منہ سے آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عام غریب آدمی سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے، ایک دن کی اجرت کمانے والے محنت کش طبقے پر سب سے زیادہ بوجھ پڑتا ہے، لوگ اپنے بچوں کے ساتھ اجتماعی خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں جبکہ حکمران مدینے کی ریاست بنانے کے دعوے کررہے ہیں جوکہ ان کی کھلی منافقت ہے، نئے پاکستان مین امیر لوگ زیادہ امیر ترین ہوتے جارہے ہیں جبکہ غریب لوگ زیادہ غریب ہوتے جارہے ہیں، نئے پاکستان میں صرف امیر لوگوں کو نوازا جارہا ہے، موجودہ حکومت نے عوام کو مہنگائی بے روزگاری اور بدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا، اس لئے عوام کو اپنی تقدیر بدلنے کیلئے اب نیک، خوف خدا رکھنے اور دیانتدار و امانتدار لوگوں کو منتخب کرنا ہوگا جو ان کی تکالیف کا ازالہ اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی اور فلاحی ریاست بناکر قائد کے خواب کو حقیقی تعبیر دیں سکیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close