سندھ

جارحیت نہیں چاہتے لیکن دشمن نے پہل کی تو بھر پور جواب دیں گے، سربراہ پاک بحریہ

کراچی: سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ ہم جارحیت نہیں چاہتے لیکن اگر دشمن نے پہل کی تو بھر پور جواب دیں گے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ساحلی تنصیبات اور اگلے مورچوں کا دورہ کیا، نیول چیف نے شمالی بحیرہ عرب میں تعینات بحری جہازوں کا بھی دورہ کیا اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر نیول چیف کو پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی جب کہ نیول چیف نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کے دوران آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلے کو سراہا۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے موجودہ صورت حال میں افسران اور جوانوں کو ہمہ وقت انتہائی مستعد اور چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی آبدوز کا بروقت سراغ لگانا پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہم امن پسند ملک ہیں مگر دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی انتہائی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ ہم جارحیت نہیں چاہتے لیکن اگر دشمن نے پہل کی تو بھر پور جواب دیں گے، ہمارا غیر متزلزل ایمان، ہمت اور وطن کی حفاظت کا جذبہ ہماری صلاحیتوں کو استحکام عطا کرتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close