سندھ

ایم کیو ایم سے پہلے سندھ بالخصوص کراچی اور حیدرآباد شہر میں کوئی لسانی مسئلہ نہیں تھا، وقار مہدی

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے ایم کیو ایم کے ترجمان کی جانب سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے دیئے گئے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بالخصوص سندھ کے باشعور باشندے جانتے ہیں کہ تعصب، لسانیت اور نفرت کی سیاست کا آغاز ہی ایم کیو ایم کی بنیاد ہے۔

پی پی رہنما  نے کہا کہ ایم کیو ایم کے بننے سے پہلے سندھ بالخصوص کراچی اور حیدرآباد شہر میں کوئی لسانی مسئلہ نہیں تھا، تمام زبانیں بولنے والے شیر و شکر ہوکر اپنی زندگی گزار رہے تھے۔

وقار مہدی نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ یہ کس نے کہا تھا زیور بیچو اسلحہ خریدو "ٹی وی بیچو اسلحہ خریدو؟ وقار مہدی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ یکجہتی بھائی چارے اتفاق اور اتحاد کی بات کی ہے اس لئے پیپلز پارٹی ایک گلدستہ ہے، جبکہ ایم کیو ایم ببول کا کانٹا بن کر سیاست کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران نیازی نے چوروں اور ڈاکوؤں کی فوج تیار کر رکھی ہے، وقار مہدی

انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کے الیکشن میں ہونے والی بدترین دھاندلی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، لیکن ایم کیو ایم نے اقتدار کی خاطر اس بدترین دھاندلی کا سودا کیا اور انہی کی گود میں بیٹھ گئی جن کے خلاف دھاندلی کا ڈھول پیٹ رہی تھی۔

وقار مہدی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اپنا موقف بھی بدل لیا اور اصول بھی، کیونکہ ایم کیو ایم وہ مچھلی ہے جو اقتدار کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی، اسکے لئے چاہے اسے عوام کے حقوق کے سودے کوڑیوں کے مول کرنے پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے یکم مئی کو جو تقریر کی وہ کراچی کے شہریوں کی دل کی آواز تھی، انہوں نے ایم کیو ایم کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کیا، جس کی وجہ سے ایم کیو ایم کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا نہ کوئی اصول ہے اور نہ ہی کوئی نظریہ، اس کے رہنماؤں کا مقصد صرف کسی بھی طرح اقتدار سے چمٹ کر اپنے ذاتی مفادات حاصل کرنا اور عوام کو مسائل کی دلدل میں ڈالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام مشرف دور میں کراچی کی ترقی کے نام پر 300 ارب کی بندر بانٹ کا حساب مانگتی ہے کہ وہ کہاں خرچ ہوئے؟ ان 300 ارب سے کراچی میں کہاں ترقیاتی کام کروائے گئے؟

وقار مہدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی کراچی کی خدمت کی ہے اور اب بھی کررہی ہے اور آئندہ بھی کراچی کے مسائل پیپلز پارٹی کی حکومت ہی حل کرے گی، کراچی کے عوام اب ایم کیو ایم کے کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close