سندھ

نواز شریف کا جیکب آباد کی ترقی کے لئے 100 کروڑ روپے امداد، گیس اور بجلی کے منصوبوں کا اعلان

جیکب آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیردیا  اب لوگ جھوٹے نعروں پر نہیں بلکہ کام کرکے دکھانے والوں کو ووٹ دیں گے۔ جیکب آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ شدیدگرمی کے باوجود عوام کا پرتپاک استقبال اور مجھے حسرت بھری نگاہوں سے دیکھنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ سندھ حکومت نے عوام کو مایوس کیا اورلوگوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، جیکب آباد سمیت پورے سندھ میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا جب کہ کراچی سمیت صوبے  میں سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں، عوام کے پاس 2 وقت کی روٹی تو درکنار پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ مجھے یہ سن کر افسوس  ہوا کہ  جیکب آباد میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد پورے پاکستان سے اوسطاً زیادہ ہے ۔ جیکب آباد 100 سالہ پرانا ہی شہر ہے اس میں کچھ بھی نہیں بدلا لیکن ہم اب سب بدل کر دکھائیں گے۔

نوازشریف کا  کہنا تھا کہ ہم نے جب بھی اقتدار سنبھالا تو ملک کے ہر گوشے میں امن وامان کو قیام ہماری اولین ترجیح رہی، ہماری حکومت سے پہلے سندھ میں ڈاکو راج تھا لیکن ہم نے کراچی کا امن دوبارہ بحال کیا اور شہر قائد کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنا دیا، اور اگر مقامی رکاوٹیں نہ ہوتیں تو ایک سال پہلے ہی کراچی میں مکمل امن قائم ہوچکا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری کو ختم کرنا کسی پر احسان نہیں بلکہ حکومت وقت کا فرض ہے اب عوام میں شعور آچکا ہے، آئندہ عام انتخابات میں عوام کھوکھلے نعروں پر نہیں بلکہ کام کرکے دکھانے والوں کو اپنے ووٹ کے ذریعے منتخب کریں گے۔

جیکب آباد کےلئے فنڈز کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علاقے کے غریب عوام اپنے علاج کے لئے گھر بیچ دیتے ہیں لیکن کوئی ان کی فریاد نہیں سنتا اس لئے انہیں پیلتھ کارڈ کی سہولت دی جائے گی جس کے ذریعے وہ مفت علاج کروا سکیں گے جب کہ شہر کو فوری طور پر 100 کروڑ کا تحفہ پیش کرتاہوں جو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے خواتین کےلئے جدید ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ، تمام دیہاتوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کےلئے 100 ٹرانسفارمر اور گیس لائن بچھانے کا بھی اعلان کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close