سندھ

پاکستان کو امریکہ اور عرب بادشاہتوں کے چنگل سے نکالنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، علامہ ناصر عباس جعفری

کراچی: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کی اتحادی عرب بادشاہتوں کی مداخلت کے باعث پاکستان داخلی و خارجی سازشوں کا شکار ہو رہا ہے، نواز حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف پاک افواج کو ایک بار پھر امریکی ایماء پر تیزی سے زوال پذیر عرب بادشاہتوں کی بقاء کی ناکام جنگ میں دھکیلنا چاہتی ہے، امید ہے کہ ہماری پاک افواج کرپٹ نواز حکومت کے ان ناپاک عزائم کا شکار نہیں ہونگی اور اپنی تمام تر توجہ پاکستان کو دہشت گردی کے بحران سے نکالنے پر مرکوز رکھیں گی، دہشت گردوں کے علمی، نظریاتی اور صحافتی سہولت کاروں کو بھی آپریشن ردالفساد کے تحت قانون کے شکنجے میں جکڑا جائے، آج ملک بھر میں سینکڑوں کی تعداد میں بے گناہ محب وطن شیعہ علمائے کرام و شخصیات کو امریکہ اور اس کی غلام عرب بادشاہتوں کی ایماء اور مداخلت کے باعث ماورائے عدالت اغواء کیا جا چکا ہے، اگر جلد بازیابی عمل میں نہیں لائی گئی تو پانچ کروڑ شیعہ مسلمان سڑکوں پر نکل کر ظالم جابر حکمرنوں کا اقتدار بہا لے جائیں گے، محب وطن ملت تشیع تمام تر ظلم و ستم سہنے اور ہزاروں قیمتی ترین شہداء دینے کے باوجود پاکستان کو امریکہ اور اس کی ہمنوا عرب بادشاہتوں کے چنگل سے نکالنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ماضی کی طرح آج بھی امریکہ، اسرائیل، بھارت اور عرب بادشاہتوں کی ناپاک سازشوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مسجد و امام بارگاہ مدینۃ العلم گلشن اقبال میں ’’قومی و بین الاقوامی صورتحال اور ہماری ذمہ داری‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ صادق جعفری، علامہ اظہر نقوی، علامہ مبشر حسن علامہ نشان حیدر سمیت دیگر صوبائی و ڈویژنل عہدیداران، کارکنان اور عوام کثیر تعداد میں موجود تھی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امریکہ اور اسکی اتحادی عرب بادشاہتوں کی مداخلت کے باعث پاکستان داخلی و خارجی سازشوں کا شکار ہو رہا ہے، نواز حکومت نے عوامی خواہش کے برعکس اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لئے بغیر صرف اور صرف امریکہ و عرب بادشاہتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے راحیل شریف کو متنازعہ ترین فرقہ وارانہ فوجی اتحاد میں شمولیت کیلئے بھیج دیا، جبکہ واضح ہے کہ اس فوجی اتحاد میں شمولیت اور راحیل شریف کو این او سی دینے کے اس فیصلے پر پاکستانی قوم اور پارلیمنٹ کو شدید تحفظات تھے اور وہ بھی ایک ایسے حساس ترین وقت میں جب وطن عزیز پاکستان دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے، ملک و قوم پہلے ہی آمر ضیاء کی بدترین پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، ماضی کی فاش غلطیوں سے سبق سیکھنے کی بجائے امریکہ نواز حکمران مزید ایسی غلطیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں، جس سے وطن عزیز دہشت گردی و عدم استحکام کی ایسی دلدل میں پھنس جائے گا، جس سے نکلنا شاید ممکن نہ ہوسکے، ملک و قوم امریکہ اور اس کی اتحادی عرب بادشاہتوں کی خوشنودی کی خاطر پہلے ہی نام نہاد جہاد کے ناقابل تلافی نقصانات سے مکمل طور پر نجات حاصل نہیں کر پائے تھے کہ ایسے میں ایک اور نام نہاد اسلامی فوجی اتحاد کے نام سے نئے امریکی اسرائیلی ڈرامے میں شامل ہو کر پہلے سے زیادہ وطن عزیز کو مشکلات سے دوچار کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کرپٹ نواز حکومت عرب بادشاہتوں کے اشارے پر امریکہ اور اسرائیل کے بنائے ہوئے نام نہاد اسلامی فوجی اتحاد کا حصہ بن کر ملک و قوم کو نئے بحرانوں میں دھکیل رہی ہے، نواز حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف پاک افواج کو ایک بار پھر امریکی اسرائیلی ایماء پر تیزی سے زوال پذیر ہونے والی عرب بادشاہتوں کی بقاء کی ناکام جنگ میں دھکیلنا چاہتی ہے، امید ہے کہ محب وطن ارباب اختیار اور ہماری پاک افواج کرپٹ نواز حکومت کے ان ناپاک عزائم کا شکار نہیں ہونگے اور اپنی تمام تر توجہ پاکستان کو دہشت گردی کے بحران سے نکالنے پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے، دہشتگردوں کے علمی، نظریاتی اور صحافتی سہولت کاروں کو بھی آپریشن ردالفساد کے تحت قانون کے شکنجے میں جکڑا جائے، ملت تشیع دہشتگردی کے خلاف جاری پاک افواج کے آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتی ہے، پاک افواج کے شانہ بشانہ امریکی و عرب بادشاہت نواز تکفیری دہشت گرد عناصر کے خلاف میدان میں حاضر ہے، لہٰذا انتہائی حساس ملکی و عالمی صورتحال کے پیش نظر حکمرانوں کو ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کی خاطر ملک میں امریکی و عرب بادشاہتوں کی مداخلت کو فی الفور ختم کرنا ہوگا، کیونکہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک پاکستان کے تمام تر بحرانوں و مشکلات کی اصل وجہ امریکہ اور عرب بادشاہتوں کی مداخلت ہی ہے، ہمارے کرپٹ اور نااہل حکمران ملکی سلامتی کو چند ڈالر، ریال اور درہم کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں سینکڑوں کی تعداد میں بے گناہ محب وطن شیعہ علمائے کرام اور شخصیات کو امریکہ اور اسی غلام عرب بادشاہتوں کی ایماء اور ملک میں مداخلت کے باعث ماورائے عدالت اغواء کیا جا چکا ہے، امریکی و عرب بادشاہتوں کی ہی ایماء پر محب وطن ملت تشیع کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، اگر ہمارے محب وطن شیعہ علمائے کرام اور شخصیات کی جلد بازیابی عمل میں نہیں لائی گئی تو بے گناہ اغوا کئے گئے علماء و شخصایت کی رہائی کیلئے پانچ کروڑ شیعہ مسلمان سڑکوں پر نکلیں گے، جو کرپٹ نااہل نواز حکومت کے ظلم و جبر پر مبنی اقتدار کو بہا لے جائیں گے، محب وطن ملت تشیع تمام تر ظلم و ستم و اسیری سہنے اور ہزاروں قیمتی ترین شہداء دینے کے باوجود پاکستان کو امریکہ اور اس کی ہمنوا عرب بادشاہتوں کے چنگل سے نکالنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، پانچ کروڑ محب وطن شیعہ مسلمان اپنے لہو کے آخری قطرے تک ملکی بقاء و سلامتی کی خاطر ماضی کی طرح اب بھی میدان میں حاضر رہیں گے، ماضی کی طرح آج بھی امریکہ، اسرائیل، بھارت اور عرب بادشاہتوں کی ناپاک سازشوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close