سندھ

وزیراعلیٰ سندھ نے 10 کھرب 43 ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 10 کھرب 43 ارب روپے مالیت کا بجٹ پیش کردیا، جس میں ترقیاتی اخراجات کی مد میں 254 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں صوبے کا ٹیکس فری بجٹ پیش کیا، جس میں وسائل کا سب سے زیادہ حصہ تعلیم کے لئے رکھا گیا ہے، تعلیمی بجٹ میں رواں سال 24 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، تعلیم کا کل بجٹ 202 ارب روپے ہے۔ اس موقع پر توانائی بحران کے حوالے سے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بجلی نہ دے کر صوبے کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے، سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والے صوبے میں آج بجلی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ 70 فیصد توانائی پیدا کرتا ہے، وفاق بجلی کی پیداوار بڑھانے پر غلط بیانی نہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ حیسکو کو 27 ارب روپے بل کی مد میں ادا کئے، تاہم ادائیگیوں کے بعد بھی بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے جس سے صوبے میں عذاب کی سی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادائیگیوں کے باوجود سندھ کو بجلی فراہم نہیں کی جار ہی، اس معاملے پر صوبے کے ساتھ تماشا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کو اس کا جائز حصہ دے، وہ اپنا وعدہ پورا کرے اور 108 ارب روپے دے، اس سال 95 ارب روپے کی کمی کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 ماہ میں صرف 382 ارب روپے وصول ہوئے، سندھ کی مجموعی وصولیوں کا تخمینہ 1.02 ٹریلین روپے ہے، صوبائی ٹیکس، نان ٹیکس وصولیوں کا نظر ثانی شدہ تخمینہ 159.29 ارب ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ترقیاتی اخراجات پر نظر ثانی شدہ رقم 225 ارب کی گئی ہے، رواں مالی سال 88 فیصد ترقیاتی بجٹ استعمال کر چکے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close