کھیل و ثقافت

قومی کھلاڑیوں کی جانب سے اہل وطن کو جشن آزادی مبارکباد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گئے ، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے تمام اہل وطن کو پرجوش انداز میں مبارکباد دی ہے۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایاناز کھلاڑی شعیب ملک نے ٹوئٹر پر اپنی تصویرشیئر کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی وسیم اکرم نے نہایت خوبصورت انداز میں کہا کہ میں اس رات چلا کر کہوں گا پاکستان زندہ باد۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام کے ساتھ اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی وقار یونس نے ویڈیو پیغام میں اپنی اوراپنے اہل خانہ کی طرف سے تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

سعید اجمل نے جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا پاکستان ہے اس سے محبت کریں اور امن سے رہیں۔ اظہر علی نے نہایت خوبصورت انداز میں پیغام دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان بہت ساری قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم تمام شعبوں میں اس کا نام روشن کریں۔ پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے نہایت خوبصورت انداز میں ملی نغمہ گاتے ہوئے تمام اہل وطن کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

وہاب ریاض نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک پاکستان بہت سی قربانیوں کے بعد وجود میں آیا ہے، میں اس وقت پاکستان میں موجود ہوتا تو اپنی بیٹی اور گھر والوں کے ساتھ پاکستان کا جھنڈا ضرور لہراتا اور جھنڈیاں بھی لگاتا آپ لوگوں کے پاس یہ موقع ہے لہٰذا اس دن کو بھرپور طریقے سے منائیں۔ پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے کہا کہ ہرے رنگ کی عزت کریں یہ ہماری پہچان ہے اور کوشش کریں کہ دنیا میں ہر جگہ اپنے ملک کی اچھی تصویر پیش کریں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close