کھیل و ثقافت

سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے دھرم شالہ میں میچ نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ۔ بھارت کی نئی پیشکش

پاکستان کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے دھرم شالہ میں میچ نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے پاکستان اور بھارت کا میچ دھرم شالہ میں کسی صورت نہیں ہو گا جبکہ سیکیورٹی کی ضمانت ملنے تک پاکستانی ٹیم بھارت بھی نہیں جائے گی۔ پی سی بی کے فیصلے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایڈن گارڈن کولکتہ میں میچ کھیلنے کی پیشکش کر دی ہے تاہم آئی سی سی نے پاکستان کو دھرم شالہ میں ہی کھیلنے پر رضامند کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں سیکیورٹی ٹیم کی جانب سے ملنے والی رپورٹ پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں سیکیورٹی انتظامات پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اورخدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو دھرم شالہ میں میچ کھیلنے پر سیکیورٹی مسائل لاحق ہو سکتے ہیں اور وہاں میچ کھیلنا خطرے سے خالی نہیں ہے جس پر بھارت کے ساتھ دھرم شالہ میں میچ نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے فیصلے کے عبد چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی اور ورلڈ ٹی 20 آرگنائزنگ کمیٹی کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور جلد ہی اس سے متعلق فیصلہ کر لیا جائے گا۔ آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کو دھرم شالہ میں میچ کرانے پر رضامند کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اگر آئی سی سی نے میچ منتقل کرنے کا فیصلہ نہ کیا اور پاکستان دھرم شالہ میں کھیلنے پر رضامند نہ ہوا تو اس میچ کے پوائنٹس بھی بھارت کو دیدیئے جائیں گے۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے واضح کر دیا ہے کہ سیکیورٹی کی یقین دہانی ہونے تک پاکستانی ٹیم بھارت نہیں جائے گی جبکہ پاکستان اور بھارت کا میچ بھی دھرم شالہ میں کسی صورت نہیں ہو سکتا۔ واضح رہے کہ دھرم شالہ میں جاری احتجاج اور سیکیورٹی خدشات کے باعث پی سی بی گزشتہ روز ہی آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ سے میچ کسی اور جگہ منتقل کرنے کا مطالبہ کر چکا تھا ۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے فیصلے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو ایڈن گارڈن کولکتہ میں میچ کرانے کی پیشکش کی ہے اور اب بال آئی سی سی کے کورٹ میں ہے جس کی منظوری کے بعد میچ باضابطہ طور پر دھرم شالہ سے کولکتہ منتقل کر دیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے تمام معاملات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان پر زور دینا شروع کر دیا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف میچ دھرم شالہ میں ہی کھیلے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کیلئے بھارت سے باضابطہ یقین دہانی چاہتی ہے لیکن ایسا نہیں کیا جا رہا جس کے باعث دھرم شالہ میں میچ نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close