کھیل و ثقافت

خاتون رپورٹر کو دعوت دینے پر کرس گیل کو جرمانہ

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کرس گیل پر ایک براہ راست انٹرویو کے دوران ٹی وی رپورٹر کو ڈیٹ پر چلنے کے لیے کہنے پر دس ہزار آسٹریلوی ڈالر کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

یہ جرمانہ ان کے ’ناروا سلوک‘ کے لیے عائد کیا گیا ہے۔

کرس گیل صحافی میل میک لاکلنگ کے ساتھ ہوبارٹ میں جاری بگ بیش لیگ کے ایک ميچ کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

ویسٹ انڈیز ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان کرس گیل کا کہنا ہے کہ جب انھوں نے خاتون نامہ نگار کو ٹیلی ویژن کی براہ راست نشریات کے دوران ڈرنکس کے لیے کہا تھا تو اس وقت وہ ’مذاق‘ کررہے تھے۔

اُنھوں نے کہا تھا: ’تمہاری آنکھوں میں پہلی بار دیکھنا مجھے اچھا لگا۔ اُمید ہے کہ اس کے بعد ہم ایک جام ساتھ لے سکتے ہیں۔ شرماؤ نہیں بے بی۔‘

ان کی ٹیم میلبرن رینیگیڈز نے ہوبارٹ ہریکین کو پیر کے ٹی 20 میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دی۔

انھوں نے 15 گیندوں پر 41 رنز بنائے تھے اور اس کے بعد نیٹورک ٹین کی رپورٹر میک لاکلن سے اپنی اننگز کے بارے میں بات کرتے ہوئے جو بات کہی تھی اسے ’جنسی ریمارکس‘ کے طور پر لیا جا رہا ہے۔

گیل نے منگل کو پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے ان جملے کے جواب میں عوامی ردِعمل ’حد سے تجاوز کر گیا ہے۔‘

اُن کا کہنا ہے ’اس میں کچھ بھی ایسا نہیں تھا جو میل کے لیے توہین آمیز یا ناگوار ہو۔ اگر اُنھیں ایسا لگا تو میں اس کے لیے بہت معذرت خواہ ہوں۔

’یہ ایک بہت سادہ سا مذاق تھا۔ ایک کھیل چل رہا تھا تفریحی چیزیں بعض اوقات حد سے تجاوز کرجاتی ہیں لیکن ایسا ہوتا رہتا ہے۔ اس میں کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا اور جیسا کہ میں نے بتایا کہ میں نے اُس بات کو وہیں چھوڑ دیا۔ میں اس پر معذرت خوا ہوں۔ سادہ سی بات ہے ہمیں اب آگے بڑھ جانا چاہیے۔‘

اس گفتگو پر جب گیل کو میک لاکلن کے جذبات کے متعلق بتایا گیا تو گیل مشتعل ہوگئے اور اچانک انٹرویو چھوڑ کر چلے گئے۔

دوسری جانب میلبر رینیگیڈز نے میک لاکلن سے معافی طلب کی ہے اور کہا ’وہ باتیں پوری طرح سے غیر مناسب اور توہین آمیز تھیں۔‘

کوئی نائٹ کلب نہیں:

آسٹریلین کرکٹ کے سربراہ جیمز سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ گیل کے یہ جملے دفتری سطح پر ہراساں کیے جانے کے زمرے میں آسکتے ہیں۔

انھوں نے کہا ’یہ ایک نائٹ کلب نہیں ہے اور میرا خیال ہے کہ اس طرح کی چیزیں ہر ایک کے ساتھ شاید ہی ہوتی ہوں کیا یہ واقعی کوئی کام کرنے کی جگہ ہے۔

کوئی بھی جو اس کو مذاق کے طور پر دیکھ رہا ہے یہ ایک غلط فہمی ہے اور انھیں صورتحال کے متعلق کسی حد تک مغالطہ ہوا ہے۔‘

نیٹ ورک ٹین کے کھیلوں کے سربراہ ڈیوڈ بیرم کے مطابق گیل کھیل کے میدان میں آئندہ مائیکروفون یا براہِ راست نشریات کے دوران کیمرے والا ہیلمٹ نہیں پہنیں گے۔

فوکس سپورٹس کی نامہ نگار نیرولی میڈوز نے آسٹریلوی نشریاتی کارپوریشن کو بتایا کہ گیل نے اُن کےساتھ اور دیگر کئی نامہ نگاروں کے ساتھ ماضی میں اسی طرح کی چیزیں کی ہیں۔

اُن کے مطابق ’وہ مسلسل ایسا کرتے رہے ہیں۔ اُن کا رویہ بہت گھٹیا ہے اور جو کچھ انھوں نے میل کے ساتھ کیا وہ بھی ایسا ہی تھا اور میل جانتی تھیں کہ ایسا ہونے جارہا ہے۔‘

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close