کھیل و ثقافت

پہلے ریٹائرمنٹ کا اعلان پھر کھیلنے کی اجازت

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماسٹرز چیمپئنز لیگ میں شرکت کرنے والے پاکستانی کرکٹرز پر واضح کردیا ہے کہ انھیں اس لیگ میں شرکت کی اجازت صرف اسی صورت میں ملے گی جب وہ باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اسے تحریری طور پر مطلع کریں گے۔

ریٹائرڈ کرکٹرز کی یہ ماسٹرز چیمپینز لیگ 28 جنوری سے متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔

ماضی کے کرکٹرز کی آج بھی کشش ہے

پاکستان کے دس کرکٹرز محمد یوسف، عبدالرزاق، ثقلین مشتاق، توفیق عمر، رانا نوید الحسن، سلیم الہی، حسن رضا، اظہر محمود، ہمایوں فرحت اور یاسر حمید نے یہ لیگ کھیلنے کا معاہدہ کر رکھا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ متعدد کرکٹرز نے اس لیگ میں کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے این او سی کی درخواست دے رکھی ہے تاہم بورڈ کی یہ پالیسی واضح ہے کہ اگر وہ ماسٹرز چیمپینز لیگ کھیلنا چاہتے ہیں تو پہلے انٹرنیشنل کرکٹ سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں تاہم وہ فرسٹ کلاس کرکٹ جاری رکھ سکتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماسٹرچیمپینز لیگ سے معاہدہ کرنے والے کسی بھی پاکستانی کرکٹر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔

محمد یوسف نے مارچ سنہ 2010 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا گول مول انداز میں اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ فی الحال ریٹائر ہو رہے ہیں تاہم اس کے بعد وہ اسی سال دوبارہ ٹیسٹ اور ون ڈے کھیلے تھے۔

عبدالرزاق جنھوں نے ماسٹرز لیگ سے معاہدہ کر رکھا ہے وہ پاکستان سپر لیگ میں بھی شامل ہیں انھیں لاہور قلندر نے اپنے سپلیمنٹری کرکٹرز میں شامل کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close