کھیل و ثقافت

کوہلی کے ہاتھوں لارا کا عالمی ریکارڈ پاش پاش

دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کا انٹرنیشنل کرکٹ میں نت نئے ریکارڈز بنانے کا سلسلہ جاری ہے اور سری لنکا کے خلاف سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں انہوں نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

سری لنکا کے خلاف دہلی میں جاری سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انہوں نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کرکے برائن لارا کی بطور کپتان زیادہ ڈبل سنچریوں کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

کمر میں تکلیف کے باوجود دہلی کے اسٹار بلے باز نے سات گھنٹے سے زائد بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 287 گیندوں پر 25 باؤنڈریز کی مدد سے 243 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر تاریخ رقم کی۔

ویرات کوہلی کی یہ مسلسل دوسری ڈبل سنچری ہے اور وہ اب تک کپتان کی حیثیت سے 6 ڈبل سنچریاں بنا چکے ہیں جبکہ برائن لارا کو بحیثیت کپتان پانچ ڈبل سنچریاں بنانے کا ریکارڈ حاصل ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ بحیثیت کپتان کوہلی نے پہلی سنچری گزشتہ سال جولائی میں اسکور کی تھی اور ڈیڑھ سال سے بھی کم عرصے میں مزید پانچ ڈبل سنچریاں اسکور کر کے یہ عالی ریکارڈ قائم کیا اور اس وقت سے اب تک دنیا کا کوئی اور کپتان ایک بھی ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

اس ڈبل سچنری کے ساتھ ہی کوہلی لگاتار دو میچوں میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے بھارت کے دوسرے اور دنیا کے چھٹے بلے باز بن گئے۔

ان سے قبل والی ہیمنڈ دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں جبکہ ہم وطن ونود کامبلی، سر ڈان بریڈ مین، مائیکل کلارک اور کمار سنگاکارا بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close