کھیل و ثقافت

ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت بدستور نمبر ون، پاکستان کی ساتویں پوزیشن برقرار

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق بھارت پہلی پوزیشن پر برقرار ہے جب کہ پاکستان کا ساتواں نمبر ہے۔ دبئی سے جاری آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،سری لنکا سے 2 ٹیسٹ ڈرا ہونے پر بھارت کا ایک پوائنٹ کم ہوا ہے تاہم وہ ابھی تک 124 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے، جنوبی افریقہ111 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جب کہ انگلینڈ کا 105 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ نئی رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ 97 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جب کہ سری لنکا پاکستان، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور زمبابوے بالترتیب چھٹی سے دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔ ٹیسٹ بیٹسمینوں کی رینکنگ میں آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاپ پوزشین سنبھالی ہوئی ہے جب کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی تین درجے ترقی کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے اور انگلینڈ کے جوئے روٹ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ چتیشور پجارا دو درجے تنزلی کے ساتھ چوتھی، کین ولیمسن ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں پوزیشن پر آ گئے ہیں جب کہ ڈیوڈ وارنر، ہاشم آملہ، اظہر علی، بالترتیب چھٹی سے 8ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔ دنیش چندیمل 8 درجے کے چھلانگ لگاتے ہوئے نویں نمبر پر آ گئے ہیں اور ڈین ایلگر دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ بولرز کی رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی ٹاپ 10 میں موجود نہیں، یاسر شاہ 15 ویں نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن پہلے نمبر پر موجود ہیں، جنوبی افریقا کے کاگیسو رابادا نے بھارت کے رویندرا جدیجا کو ایک درجہ پیچھے دھکیلتے ہوئے دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے، روی چندرن ایشون چوتھے، رنگنا ہیراتھ پانچویں، جوش ہیزل ووڈ چھٹے نمبر پر ہیں، نیل ویگنر اور مچل سٹارک 2،2 درجے بہتری کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں جب کہ ناتھن لیون اور ڈیل سٹین 2،2 درجے تنزلی کے ساتھ نویں اور دسویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close