کھیل و ثقافت

پاکستانی بولرز کا امتحان لینے کیلیے مارٹن گپٹل کی واپسی

ویلنگٹن: پاکستانی بولرزکا امتحان لینے کیلیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں مارٹن گپٹل کی واپسی ہوگئی۔ پاکستان سے ابتدائی 2 ون ڈے میچز کیلیے کیوی اسکواڈ میں اوپننگ بیٹسمین مارٹن گپٹل کی واپسی ہوگئی، وہ ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز نہیں کھیل پائے جس میں کیویز نے کلین سوئپ کیا تھا، گپٹل اب مکمل فٹ ہوکر میدان میں واپس آچکے اور ویسٹ انڈیز سے جاری ٹوئنٹی 20 سیریز کا حصہ ہیں، ان کی واپسی کے سبب گذشتہ تین ون ڈے میچز میں2 ففٹیز اسکور کرنیوالے جارج ورکر کو باہر بیٹھنا پڑے گا۔

مارٹن گپٹل کے بارے میں کوچ گیون لارسن نے کہاکہ گپٹل خود کو ورلڈ کلاس پلیئر ثابت کرچکے، ٹاپ آرڈر پر وہ اور کولن منرو ہمارے لیے فائدہ مند ثابت ہوئے، ورکر کو تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ کیویز کو آل راؤنڈر کولن ڈی گرینڈ ہوم کا بھی ساتھ میسر نہیں جو والد کی وفات کے باعث ویسٹ انڈیز سے سیریز چھوڑ کر زمبابوے چلے گئے تھے، اگرچہ ان کی واپسی ہوچکی مگر وہ فی الحال آکلینڈ کی جانب سے کھیل رہے ہیں،ان کی باقی تین ون ڈے میچز میں واپسی متوقع ہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے 2 اسپنرز ٹوڈ ایسٹل اور مچل سینٹنر کو برقرار رکھا گیا، اس بارے میں لارسن نے کہا کہ ایسٹل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف نہ صرف چار وکٹیں لیں بلکہ ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے کیریئر بیسٹ 49 رنز بھی بنائے، اسی وجہ سے انھیں بھی سینٹنر کے ہمراہ برقرار رکھا گیا۔

خیال رہے کہ پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 6 جنوری سے ویلنگٹن میں ہوگا،اس کے بعد تین ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز ہوگی۔ اسکواڈ میں کپتان کین ولیمسن، ٹوڈ ایسٹل، ڈگ بریسویل، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن، مارٹن گپٹل، میٹ ہینری، ٹام لیتھم، کولن منرو، ہینری نکولس، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی اور روس ٹیلر موجود ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close