کھیل و ثقافت

انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاک بھارت مقابلے کیلیے میدان سج گیا

کوئنز ٹاؤن: انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاک بھارت مقابلے کیلیے میدان سج گیا تاہم روایتی حریف منگل کو سیمی فائنل میں برتری کی جنگ لڑیں گے۔ نیوزی لینڈ میں جاری انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستان نے کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کو 3وکٹ سے شکست دی تھی،جمعے کو کوئنزٹاؤن میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 131رنز سے روند کر ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔

بلو شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،اوپنر منجوت کرالہ 9رنز تک محدود رہے،پرتھوی شا نے 40کی اننگز کھیل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی،ہاروک ڈیسائی نے 34رنز اسکور کیے،ٹاپ اسکورر شبمان گل 86 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو بھارت کا اسکور 36اوورز میں 181تک پہنچ چکا تھا۔ بعد میں ابھیشک شرما  تو ثابت قدم رہے لیکن دیگر میں سے صرف ایک کو ڈبل فیگر تک رسائی کا موقع ملا، ریان پراگ15،کلمیش ناگاراکوٹی5،انوکل رائے 2 اور شیوام ماوی5 تک محدود رہے، ابھیشک شرما50رنز بنانے کے بعد میدان سے باہر گئے جب کہ آخری اوور میں شیوا سنگھ(3)کی اننگز بھی تمام ہوگئی۔

بھارت نے 265کا مجموعہ ترتیب دیا،قاضی اونک3،نعیم حسن،سیف حسان2،2 جبکہ ربیع الحق اور حسن محمود ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہوگئی،محمد نعیم صرف 12رنز بنا کر چلتے بنے،سیف حسان نے بھی اتنے ہی رنز اسکور کیے،ٹاپ اسکورر پناک گھوش کی ہمت 43پر جواب دے گئی،3وکٹیں 76پر گرنے کے بعد آنے والے بیٹسمین ریت کی دیوار ثابت ہوئے،توحید ہری دوئے9رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ امین الاسلام 3اور ماہد اسلام 10تک محدود رہے،قاضی اونک نے کھاتہ بھی نہیں کھولا،عفیف حسین کی مزاحمت18پر ختم ہوئی، حسن محمود نے بھی اسکوررکو زحمت دینا ضروری نہیں سمجھا،آخری وکٹ نعیم حسن (11)کی گری، ربیع الحق14پر ناٹ آؤٹ رہے،بگلہ دیش کی پوری ٹیم 42.1اوورز میں 134پر ڈھیر ہوگئی۔

کلمیش ناگارا کوٹی 3وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے، شوام ماوی اور ابھیشک شرما نے 2،2 جبکہ انوکل رائے نے ایک شکار کیا۔ اس فتح کی بدولت بھارت نے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ منگل کو روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔ اس سے قبل پیر کو سیمی فائنل میں افغانستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مقابل ہونگی، دونوں میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات ڈھائی بجے شروع ہونگے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close