کھیل و ثقافت

اولمپکس میں برائے نام شرکت نہیں کرنا چاہتی

پاکستان کی نوجوان شوٹر منہل سہیل ریو ڈی جنیرو اولمپکس میں برائے نام شرکت کرنا نہیں چاہتی ہیں۔ان کی خواہش ہے کہ دنیا کے بہترین شوٹرز میں وہ نمایاں مقام بنا سکیں۔

22 سالہ منہل سہیل پاکستان کی پہلی خاتون شوٹر ہیں جو اولمپکس مقابلوں میں حصہ لینے والی ہیں۔ان کا انتخاب براعظمی کوٹے کی بنیاد پر عمل میں آیا ہے جو وائلڈ کارڈ سے مختلف شکل ہوتی ہے۔

پاکستان نیوی سے تعلق رکھنے والی منہل سہیل دس میٹرز ائر رائفل ایونٹ میں حصہ لیں گیمنہل سہیلخصوصی انٹرویو میں بتایا کہ وہ اولمپکس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں شامل ہونے پر خود کو خوش قسمت تصور کرتی ہیں۔

’میں بہت خوش ہوں، میں نے پچھلے سال ورلڈ کپ کے چار ایونٹس میں حصہ لیا تھا اور میرا سکور ان مقابلوں میں اچھا رہا تھا اور مجھے امید تھی کہ اگر اولمپکس میں شرکت کی بات آئی تو مجھے ضرور موقع ملے گا۔‘

منہل کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’یہ شرکت برائے نام شرکت نہیں ہونی چاہیے۔‘

’مجھے اندازہ ہے کہ ریو اولمپکس میں دنیا کے بہترین شوٹرز موجود ہوں گے لیکن میری کوشش ہوگی کہ اپنی موجودہ کارکردگی کو بہتر سے بہتر بناؤں۔‘

ایک کامیاب شوٹر میں کیا خصوصیت ہونی چاہیے؟

منہل سہیل کے پاس اس کا جواب صرف ایک لفظ میں موجود ہے اور وہ ہے ’پریکٹس۔‘

’شوٹنگ میں زیادہ سے زیادہ پریکٹس شوٹرز کو پرفیکٹ بناتی ہے۔ میں دن میں چار گھنٹے پریکٹس کرتی ہوں۔‘

منہل سہیل کو اندازہ ہے کہ شوٹنگ کا کھیل بہت مہنگا ہے لیکن وہ اپنی تمام تر کارکردگی کا سہرا پاکستان نیوی کے سر باندھتی ہیں۔

ان کے مطابق: ’شوٹنگ مہنگا شوق ہے لیکن میرے لیے اس لیے آسان ہوگیا ہے کہ میں نیوی سے تعلق رکھتی ہوں لہذا مجھے ٹریننگ اور پریکٹس کے بھرپور مواقع میسر ہیں۔‘

منہل سہیل کو شوٹنگ میں باقاعدہ حصہ لیتے ہوئے چار سال ہوچکے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ’میں 2009 میں سمر کیمپ کے ذریعے شوٹنگ میں آئی تھی۔ اس کیمپ میں میری پہلی پوزیشن آئی تھی۔ میں 2012 میں نیوی میں شامل ہوئی تھی اور اب تک میں ورلڈ کپ، ایشیا کپ اور سیف گیمز سمیت متعدد بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہوں۔‘

منہل سہیل کو اس بات کی خوشی ہے کہ شوٹنگ مقابلوں میں خواتین کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے اور ان کی اولمپکس میں شرکت دوسری خواتین شوٹرز کو بھی آگے بڑھنے کا حوصلہ فراہم کرے گی۔

یاد رہے کہ 2010 میں دہلی میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی خاتون شوٹر تعظیم اختر عباسی نے حصہ لیا تھا جبکہ 2014 میں گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں تزیم اختر عباسی اور مہوش فرحان نے پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close