کھیل و ثقافت

جانیے آپ کا پسندیدہ اسٹار کونسی پی ایس ایل ٹیم کو سپورٹ کر رہا ہے؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 3 کا آغاز ہو چکا ہے اور اس کے ساتھ ہی پاکستانی اسٹارز بھی اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے میدان میں اتر چکے ہیں۔ یوں تو پی ایس ایل کی کوئی بھی ٹیم فاتح قرار پائے جیت تو پاکستان کی ہی ہونی ہے لیکن سب ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لیے اسٹارز نے اپنی اپنی پسند کی ٹیم کا انتخاب کرلیا ہے۔ تو آئیے جانتے ہیں کہ آپ کا پسندیدہ اسٹار کس ٹیم کی جیت کے لیے پر جوش ہے۔

سپر اسٹار فواد خان:

پاکستان سمیت بھارت میں بھی مقبول اداکار فواد خان پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں جس کے لیے انہوں نے ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد کے درمیان ہونے والے فرینڈلی میچ میں بھی شرکت کی تھی۔

احسن خان:

فلموں اور ڈراموں میں جاندار اداکاری دکھانے والے اداکار احسن خان ٹیم ملتان سلطانز کی جیت کے لیے دعاگو ہیں اور بھرپور جوش و جذبے سے ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

نیلم منیر:

خوبرو اداکارہ نیلم منیر بھی احسن خان کے ساتھ ٹیم ملتان سلطانز کو سپورٹ کررہی ہیں۔

انہوں نے ایک تصویر اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کی اور کیپشن لکھا کہ ’پہلا جیتا ہے، مزید میچز جیتنے ہیں‘ ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے پی ایس ایل 3 کے پہلے میچ میں ٹیم ملتان سلطانز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم پشاور زلمی کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

عدنان صدیقی:

مشہور اداکار عدنان صدیقی ٹیم کراچی کنگز کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، جس کی ٹی شرٹ پہن کر انہوں نے اپنی ایک تصویر  انسٹاگرام پر شیئر کی اور لکھا کہ دلوں کے بادشاہ میلہ لوٹنے آرہے ہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے اپنے کیپشن میں لکھا کہ پی ایس ایل قوم کو ایک کرنے کا ذریعہ ہے تاہم پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کی جیت ہے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے پی ایس ایل 3 کا فائنل میچ کراچی میں منعقد ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کی کاوشوں کو سراہا۔

ماہرہ خان:

چونکہ خوبرو اداکارہ ماہرہ خان پشاور زلمی کی ایمبیسڈر مقرر ہوئی ہیں تو یہ واضح ہے کہ وہ پشاور زلمی کی جیت کے لیے پر امید ہیں۔

مایا علی:

اداکارہ مایا علی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ایمبیسڈر منتخب ہوئی ہیں جس کی وجہ سے وہ بھی اپنی ٹیم کی فتح کے لیے دعاگو ہیں۔

مومل شیخ:

معروف اداکار جاوید شیخ کی صاحبزادی اور اداکارہ مومل شیخ پر بھی پی ایس ایل کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے ۔

مومل شیخ کل دبئی پہنچیں اور جوشیلے انداز میں ٹیم ملتان سلطانز کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی جیت کو سراہا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close