کھیل و ثقافت

سکیورٹی خدشات، آسٹریلیا انڈر 19 ورلڈ کپ سے دستبردار

آسٹریلیا نے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے رواں ماہ بنگلہ دیش میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ادھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آسٹریلیا کی جگہ آئرلینڈ کو 27 جنوری سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے
آسٹریلیا کا بنگلہ دیش کا دورہ غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکیٹیو جیمز سدرلینڈ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اکتوبر میں آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے دورۂ بنگلہ دیش کی منسوخی کے بعد سے حالات کا مسلسل جائزہ لیا جاتا رہا۔
انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آسٹریلیا کی حکومت کی جانب سے انھیں بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کا سفر کرنے والے آسٹریلوی باشندوں کے لیے حالات تاحال اتنے ہی پرخطر ہیں جن کی وجہ سے گذشتہ برس ٹیسٹ ٹیم کا دورہ ملتوی ہوا تھا۔
جیمز سدرلینڈ نے کہا کہ ’ہم ہمیشہ سے یہ موقف رکھتے ہیں کہ آسٹریلوی ٹیموں اور آفیشلز کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے۔۔۔اور ہمیں جو معلومات اور مشورے ملے ہیں ان کے بعد ہمارے پاس اس مشکل فیصلے کے سوا کوئی دوسرا چارہ نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی ٹورنامنٹ میں عدم شرکت کے بارے میں آئی سی سی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی نے آسٹریلیا کی جگہ آئرلینڈ کو ورلڈکپ کھیلنے کی دعوت دی ہے۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق ادارہ آسٹریلیا کی ایونٹ سے دستبرداری کے فیصلے سے مایوس ہوا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سٹریلیا کے نہ کھیلنے کے باوجود ورلڈکپ بنگلہ دیش میں شیڈول کے مطابق منعقد ہوگا اور اس کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس کے اپنے سکیورٹی مینیجر اور ایک غیرجانبدار سکیورٹی ایجنسی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور وہاں کی سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور ورلڈ کپ کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات اطمینان بخش ہیں۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close