کھیل و ثقافت

سہ فریقی کرکٹ سیریز میں آسٹریلیا کو شکست

ویسٹ انڈیز میں جاری سہ فریقی ون ڈے کرکٹ سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 47 رنز سے شکست دے دی ہے۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 32.4 اوورز میں صرف 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی

آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صرف 72 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 72 رنز بنا کر سب سے نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کے آٹھ بیٹسمینوں کا سکور دوہرے ہندسوں تک پہنچنے میں ناکام رہا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا نے تین، وین پارنل اور عمران طاہر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کاک نے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فرحان بہار الدین نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 جب کہ ہاشم آملہ نے دو چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ہیلز وڈ، میکس ویل اور نیتھن نائل نے دو، دو جب کہ نیتھن لیون اور ایڈم ضامپا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سہ فریقی ون ڈے کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں جب کہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

سہ فریقی کرکٹ سیریز میں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے سے تین تین میچ کھیلیں گی جبکہ اس کا فائنل 26 جون کو باربادوس میں ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close