کھیل و ثقافت

پولینڈ اور جرمنی فاتح

فٹبال ٹورنامنٹ میں پولینڈ نے یوکرین کو، جب کہ جرمنی نے شمالی آئرلینڈ کو شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

پولینڈ پہلی بار یورپیئن فٹبال چیمپیئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچا ہے، جب کہ یوکرین ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔

گروپ سی کے اس میچ میں جیکب بلاشچیوکاوسکی نے 54ویں منٹ میں گول کیا جو فیصلہ کن ثابت ہوا۔ پولینڈ اب ہفتے کے روز سوئٹزرلینڈ سے کھیلے گا۔

تاہم پولستانی کھلاڑی بارتوچ کاپوستکا دو زرد کارڈ ملنے کے بعد اس میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

پولینڈ کے لیے تشویش کی ایک اور بات یہ ہے کہ اس کے سٹرائیکر لیوانڈوسکی بری طرح سے آؤٹ آف فارم ہیں۔ انھوں نے 16-2015 میں بائرن میونخ کی طرف سے کھیلتے ہوئے 42 گول کیے تھے، جب کہ یورو 2016 کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بھی وہ 13 گولوں کے ساتھ سرِ فہرست تھے۔

تاہم اس ٹورنامنٹ کے پہلے تین میچوں میں وہ گول کرنا تو درکنار، ہدف پر کوئی اطمینان بخش شاٹ تک نہیں لگا سکے۔

اگر پولینڈ زیادہ فرق سے جیتتا تو وہ جرمنی سے آگے نکل جاتا، جس نے شمالی آئرلینڈ کو ایک صفر سے ہرا کر گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

پیرس میں کھیلے جانے والے اس میچ میں عالمی چیمپیئن جرمنی نے گول کرنے کے کئی یقینی مواقع ضائع کیے، تاہم ماریو گومیس نے 30ویں منٹ میں گول کر دیا جو میچ کا واحد گول ثابت ہوا۔

اگر آئرلینڈ کو اس میچ میں کوئی پوائنٹ مل جاتا تو وہ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جاتا۔ اب انھیں دوسرے میچوں کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔

تاہم شکست کے باوجود آئرلینڈ کے سبز قمیصوں میں ملبوس مداحوں کا جوش و خروش عروج پر تھا اور تمام عرصہ گاتے رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close