کھیل و ثقافت

فرانس نے آئرلینڈ کو شکست دے دی

فرانس میں کھیلے جانے والے یورو 2016 فٹبال ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے تیسرے میچ میں فرانس نے جمہوریہ آئرلینڈ کو دو ایک سے شکست دے دی ہے۔

میچ کے پہلے ہاف میں فرانس کی کارکردگی زیادہ متاثرکن نہیں تھی اور ہاف کے اختتام پر فرانس ایک صفر سے ہار رہا تھا۔

تاہم دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی فرانس نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فرانس کے کھلاڑی گریز مان نے میچ کے 57 اور 61 منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلای۔

فرانس کے شہر لیون میں واقع سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کے آغاز میں ہی آئر لینڈ کے روبی برڈی نے پینلٹی کک پر سکور کر کے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتی دلائی تھی۔

خیال رہے کہ فرانس آئرلینڈ کے ساتھ کھیلے جانے والے گذشتہ پانچ میچوں میں ناقابلِ شکست رہا ہے۔

آئرلینڈ کو فرانس کے خلاف آخری بار کامیابی سنہ 1981 میں ورلڈ کپ کے لیے کھیلے جانے والے کوالیفائنگ میچ میں ہوئی تھی۔

فرانس کی بڑے ٹورنامنٹس میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر کارکردگی کافی متاثر کن رہی ہے اور اس نے 15 میچوں میں سے 13 میں کامیابی حاصل کی ہے اور دو ڈرا کیے ہیں۔

دوسری جانب جمہوریہ آئرلینڈ کی ٹیم پہلی بار یورو ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

یورو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں آئرلینڈ صرف دو میچ ہی جیت سکا ہے۔ ایک میچ اس نے رواں ہفتے اٹلی کو شکست دے کر جیتا تھا جبکہ دوسری کامیابی اس کو سنہ 1988 میں انگلینڈ کے خلاف حاصل ہوئی تھی۔

اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں شائقین میچ دیکھنے کے لے موجود تھے تاہم آئرش شائقین کا گلہ ہے کہ ان کے لیے کم نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق آئرش شائقین کے لیے صرف دس فیصد نشستیں مختص کی گئی تھیں اور اس بارے میں میچ سے قبل آئرلینڈ کے نائب کوچ کا کہنا تھا کہ یہ غیر منصفانہ ہے اور ہماری مداح اس حوالے سے مایوس ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close