کھیل و ثقافت

نیوزی لینڈ ٹیم کے باؤلنگ کوچ مستعفی

انگلینڈ ٹیم کے سابق کھلاڑی مسکرینہاس کو گزشتہ سال ورلڈ کپ 2015 کے فوری بعد مارچ میں شین بونڈ کی جگہ کیوی ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کیاگیا تھا تاہم انھوں نے جمعے کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

مسکرینہاس کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "اس طرح ایک لمبے عرصے تک مصروف رہنا بڑا مشکل کام ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ہم ایسا کرسکتے ہیں لیکن یہ مشکل ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ خاندان کی خاطر میرا یہ فیصلہ ٹھیک ہے”۔

انھوں نے مزید کہا کہ تمام کھلاڑیوں اور انتظامیے کے ساتھ میرے بہترین تعلقات ہیں جبکہ فیصلہ ذاتی وجوہات پر کیا گیاہے۔

38 سالہ مسکرینہاس نے کیوی ٹیم کے ساتھ ان دس مہینوں میں ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کو ٹیم کے مستقل رکن بننے جبکہ میٹ ہنری اور ایڈم ملنے کو اچھے باؤلرز کے طورپر ابھر نے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مسکرینہاس اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد باؤلنگ کوچ کے عہدے سے الگ ہوجائیں گے، کیوی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دوٹیسٹ میچز کھیلے گی، پہلا میچ 16 فروری سے ویلنگٹن جبکہ دوسرا میچ 20 فروری سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا.

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لیے ہندوستان جائے گی.

نیوزی لینڈ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ ہمیں مسکرینہاس کے مستعفی ہونے پر دکھ ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ خاندان پہلے آتا ہے اور بین الاقوامی مصروفیات اس کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جلد ہی باؤلنگ کوچ کی تلاش شروع کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close