کھیل و ثقافت

ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر سرفراز احمد نے بڑی بات کردی

ڈبلن: نوجوان بیٹسمینوں کے شاندار کھیل پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد خوشی سے سرشار ہیں انھوں نے امام الحق اور بابر اعظم کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسی ہی کارکردگی کی امید ظاہر کر دی۔

کپتان کے مطابق ٹیم انگلینڈ کیخلاف بہترین کھیل پیش کرنے کیلیے تیار ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں سرفراز احمد نے کہا کہ14 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے باوجود ہم مضبوط بیٹنگ لائن کی وجہ سے فتح کیلیے پُرامید تھے، مشکل وقت میں نوجوان بیٹسمینوں امام الحق اور بابر اعظم نے اپنے بھرپور اعتماد کا مظاہرہ کیا اور عمدہ بیٹنگ کی، خصوصاً امام کو اس اننگز سے خاصی تقویت ملی ہو گی۔

امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی یہ فارم برقرار رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں130 رنز پر آؤٹ ہونے کے باوجود آئرلینڈ نے بہترین انداز سے کم بیک کیا، ہم جانتے تھے کہ اس وکٹ پر چوتھی بیٹنگ کرنا مشکل ہے، اسی کے ساتھ یہ بات بھی ذہن میں تھی کہ ماضی میں بعض اوقات معمولی ہدف کا تعاقب بھی نہیں کر پائے، اس کے باوجود مجھے اپنے نوجوان کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد تھا جس پر وہ پورا اترے، اس میچ سے ہمیں مستقبل میں بھی ہدف کے تعاقب میں مدد ملے گی۔

کپتان نے کہا کہ اظہر علی اور اسد شفیق ہمارے اہم ترین بیٹسمین ہیں، امید ہے کہ انگلینڈ کیخلاف وہ اچھا کھیل پیش کریں گے، سرفراز احمد نے ڈبلن ٹیسٹ میں فہیم اشرف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں بولنگ آل راؤنڈر کی ضرورت تھی فہیم نے بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی، بطور کپتان اس فتح سے میرے اعتماد میں مزید اضافہ ہو گیا اور ہم انگلینڈ کیخلاف شاندار کھیل پیش کرنے کیلیے تیار ہیں۔

کپتان سرفراز احمد آئرش ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں، پریس کانفرنس میں جب ان سے اس بارے میں سوال ہوا تو کہا کہ آئرلینڈ کی ٹیم ضرور ہمارے ملک آئے، ہم اس کے استقبال کے لیے تیار ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ آئرلینڈ کی کنڈیشنز کسی بھی ایشیائی ٹیم کے لیے سازگار نہیں ہوتیں، میزبان ٹیم نے میچ میں اچھا کھیل پیش کیا، میں ڈیبیو پر اسے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کرتا ہوں کہ مستقبل میں مزید ٹیسٹ میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close