کھیل و ثقافت

ثانیہ مرزا نے آسٹریلین اوپن ڈبلز ٹائٹل جیت لیا

میلبورن: ٹینس ویمنزڈبلز کی عالمی نمبر ایک جوڑی ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگیز نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں چیک ری پبلک جوڑی کو شکست دے کر ایک اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز ڈبلز کے فائنل میں سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگیز اور ہندوستان کی ثانیہ مرزا نے اینڈریا ہلاویکوا اور لوسی ہراڈیکا پر مشتمل چیک ری پبلک جوڑی کو62 منٹ مقابلے کے بعد 7-6 اور 6-3 سے اسٹریٹ سیٹ شکست دے دی۔

پہلے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم ثانیہ مرزا نے بہترین کھیل کے ذریعے جیت کو یقینی بنایا۔

مارٹینا ہنگیز کو پہلے سیٹ کے اختتام پر دائیں بازوں پر درد کے باعث طبی امداد کی ضرورت پڑی لیکن میچ پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

واضح رہے مکسڈ ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں ثانیہ مرزا اور کروشیا کے آئین ڈوڈگ نے مارٹینا ہنگیز کی جوڑی کو شکست دے دی تھی جبکہ ہنگیز کی جوڑی مکسڈ ڈبلز کی دفاعی چمپئن تھی.

یہ مارٹینا ہنگیز کے لیے 12 واں جبکہ ثانیہ کا تیسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے، ثانیہ مرزا نے یہ تینوں ٹائٹل سوئس کھلاڑی کے ساتھ گزشتہ برس حاصل کئے ہیں۔

دونوں کھلاڑیوں نے اب تک 36 ڈبلز میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ویمبلڈن اور یو ایس اوپن میں بھی ان کی حکمرانی ہے۔

آسٹریلین اوپن سے قبل انھوں نےبرسبین اور سڈنی انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ میں مسلسل کامیابی حاصل کی تھی اور یہ ان کا مسلسل تیسرا ٹائٹل ہے.

ثانیہ مرزا کا فتح کے بعد کہنا تھا کہ”ہم نے شاندار سال گزارا ہے، میں اپنی ساتھی کھلاڑی کی مشکور ہوں”۔

ساتھی کھلاڑی کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ "ہم آگے بڑھ رہے ہیں اور آپ کے ساتھ یہ سارے ریکارڈ حاصل کرنا شاندار ہے”۔

مارٹینا ہنگیزنے چیک ری پبلک جوڑی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "آپ نے ڈبلز کے دوگرینڈ سلیم جیتے ہیں اور آپ بڑے مشکل حریف تھے”۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close