کھیل و ثقافت

پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر ٹرائینگولر سیریز کی ٹرافی اپنے نام کرلی

ہرارے: پاکستان نے آسٹریلیا کو  تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم نے ہدف فخر زمان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 19.2  میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

فخر زمان نے 46 گیندوں پر شاندار 91 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 12 چوکے شامل ہیں تاہم فخر زمان مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار پائے، شعیب ملک نے 43، سرفراز احمد 28 اور آصف علی 11 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت کوئی اسکور نہ بنا سکے۔

اس سے قبل پاکستانی بالرز نے بھی شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا محمد عامر نے 33 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں، شاداب خان نے 2 جب کہ فھیم اشرف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔

یاد رہے کہ کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا تو فنچ الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔

اوپننگ بلے باز آرکی شارٹ 76، کپتان ایرون فنچ 47 اور ٹریوس ہیڈ 19 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ 4 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔

فاسٹ بولر محمد عامر نے 3، شاداب خان 2، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

گرین شرٹس کی جانب سے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کا فائدہ کینگروز بلے بازوں نے بھرپور انداز سے اٹھایا، اننگز میں گرین شرٹس کی جانب سے 3 کیچز چھوڑے گئے۔

اوپننگ بلے باز ایرون فنچ اور آرکی شارٹ نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف زبردست اسٹروکس کھیلے اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 95 رنز جوڑے اور اس دوران ایرون فنچ کا کیچ شعیب ملک اور آرکی شارٹ کا ایک کیچ آصف علی نے چھوڑا۔

ایرون فنچ 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں شاداب خان نے میدان بدر کیا۔

سہ فریقی سیریز میں دونوں ٹیمیں دو مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں جس میں ایک میچ آسٹریلیا اور دوسرا پاکستان کے نام رہا۔

ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے کے لیے گرین شرٹس نے بھرپور پریکٹس کی اور کینگروز کے خلاف ٹیم میں نوجوان اوپنر صاحبزادہ فرحان کو شامل کیا گیا ہے۔

سہ فریقی سیریز میں اوپننگ بلے باز محمد حفیظ اور حارث سہیل کی ناکامی کے بعد ہیڈکوچ مکی آرتھر نے چار سدہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ اوپنر صاحبزادہ فرحان پر انحصار کیا ہے جو پاکستان سپر لیگ کے 5 میچوں میں 91 رنز بنا پائے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close