کھیل و ثقافت

برازیل کا پہلا گولڈ میڈل، امریکہ بدستور سرفہرست

ان اولمپکس کے میزبان ملک برازیل کو بھی دو دن کے انتظار کے بعد پہلا طلائی تمغہ مل گیا ہے

برازیل کے لیے طلائی تمغہ خواتین کے جوڈو کے 57 کلوگرام زمرے میں رفیلا سلوا نے جیتا۔ ان کے اس کارنامے کو غیرمعمولی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ ان کی پرورش ریو کے انتہائی پسماندہ علاقے میں ہوئی ہے۔

تیسرے دن تیراکی میں چار مقابلوں کے فائنل کھیلے گئے۔

گذشتہ روز 400 میٹر فری سٹائل مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے چینی تیراک سن یانگ نے پیر کو 200 میٹر فری سٹائل مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔

انھیں دو دن قبل آسٹریلیا کے طلائی تمغہ حاصل کرنے والے میک ہورٹن نے ممنوعہ ادویات لینے والا دھوکے باز کہا تھا اور چین نے اس بیان پر معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکہ کے رائن مرفی نے مردوں کے 100 میٹر کے بیک سٹروک مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کیا جبکہ چین کے شو جیاؤ کو نقرئی اور امریکہ کے ڈیوڈ پلمر کو کانسی کا تمغہ ملا۔

خواتین کے 100 میٹر بریسٹ سٹروک مقابلے میں امریکہ کی لیلی کنگ نے روس کی متنازع تیراک یولیا ایفیمووا کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ روسی تیراک پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کا شبہ رہ چکا ہے۔

19 سالہ کنگ پہلی بار اولمپکس میں شریک ہوئی ہیں اور انھوں نے اس مقابلے میں نیا اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا۔

انھوں نے مقررہ فاصلہ 01.04.93 سیکنڈز میں طے کیا جبکہ روسی تیراک کا وقت 01.05.50 سیکنڈز رہا۔ اس مقابلے میں کانسی کا تمغہ امریکہ کی کیٹی مائلی کو

ملا۔

تیراکی میں ہی ہنگری کی خاتون تیراک کیٹنکا ہوسزو نے 100 میٹر بیک سٹروک مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ انھوں نے امریکہ کی کیتھلین بیکر کو شکست دی۔

جاپان نے مردوں کے جمناسٹکس مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کر کے اس تمغے پر چین کی آٹھ سالہ حکمرانی کو ختم کر دیا۔

ویٹ لفٹنگ یا وزن اٹھانے کے مقابلے میں کولمبیا کے آسکر فیگیوروا نے مردوں کے 62 کلو زمرے میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ اس زمرے میں انڈونیشیا نے نقرئی جبکہ قزاکستان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

اولمپکس میں پہلی بار خواتین کے رگبی مقابلے منعقد کرائے گئے جس میں آسٹریلیا کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 17-24 سے شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا جبکہ کانسی کا تمغہ کینیڈا نے برطانیہ کی ٹیم کو ہرا کر حاصل کیا۔

چین کے لن یوے نے اپنے طلائی تمغے کو اپنی والدین کو منسوب کیا ہے کیونکہ بچپن میں انھوں نے ان کی ٹریننگ کے لیے اپنے گھر بار کو بیچ دیا تھا۔ لن یوے نے چین ایسن کے ساتھ دس میٹر سنکرونائز ڈائیونگ میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔

روس کی یانا ایگورین نے خواتین کے شمشیر زنی کے مقابلوں میں طلائی تمغہ حاصل کیاہے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی روسی خاتون ہیں۔ انھوں نے روس کی ہی سوفیہ ویلیکایا کو شکست دی جبکہ یوکرین کی اولگا خارلان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

جرمنی نے انڈیا کی ہاکی ٹیم کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دی ہے تاہم ابھی بھی ہندوستان کو ہاکی میں میڈل کی امید قائم ہے۔

اٹلی کے نکولو کیمپریانی نے دس میٹر ایئر رائفل میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔

تیسرے دن کے اختتام پر امریکہ پانچ طلائی، سات نقرئی اور کانسی کے سات تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ چین پانچ طلائی، تین نقرئی اور کانسی کے پانچ تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا چار طلائی کے ساتھ تیسرے جبکہ اٹلی اور جاپان چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close