کھیل و ثقافت

ایشیا کپ کرکٹ؛ حفیظ کو قومی اسکواڈ میں جگہ مل گئی

لاہور:  تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کی  بورڈ سے ناراضی ختم ہوگئی، وضاحت پر مطمئن ہوجانے کے بعد انھیں ایشین کپ کیلیے قومی اسکواڈ کے ابتدائی کھلاڑیوں میں شامل کرلیا گیا۔ پی سی بی نے آئندہ ماہ  متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے26 کرکٹرز کا اعلان کردیا، منتخب  کھلاڑی پیر سے آرمی اسکول آف فزیکل اینڈ ٹریننگ ایبٹ آباد کے فٹنس کیمپ میں شریک ہوں گے، ایشیا کپ کے لیے ٹریننگ کیمپ کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے15  ستمبر سے یو اے ای میں شیڈول ایشیا کپ میں عوامی امنگوں کے مطابق نتائج کے حصول کے لیے کمرکس لی اور  ابتدائی مرحلے میں  سلیکشن کمیٹی کی طرف سے کھلاڑیوں کا اعلان کرنے کے بعد کیمپ کے مقام کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے کیمپ 2 مقامات پر لگایا جائیگا، پہلے مرحلے میں کھلاڑی27 اگست کو آرمی اسکول آف فزیکل اینڈ ٹریننگ سینٹر ایبٹ آباد  میں اکٹھے ہوں گے اورفٹنس میں بہتری لانے کے لیے ماہرکوچزکی نگرانی میں31 اگست تک ایکشن میں دکھائی دیں گے، دوسرا مرحلہ لاہور میں شروع ہوگا جس میں پلیئرز کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں موجود خامیوں کو بہتر بنانے  کی کوشش کی جائے گی ، پی سی بی اعلامیے کے مطابق لاہور میں ٹریننگ کیمپ کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔

پی سی بی کی طرف سے کیمپ کا حصہ بننے والے26  کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی، عثمان شنواری، محمد نواز، عماد وسیم، حارث سہیل، محمد حفیظ، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان، صاحبزادہ فرحان، شان مسعود، عثمان صلاح الدین ، اسد شفیق، بلال آصف، محمد اصغر، راحت علی اورمیرحمزہ شامل ہیں، مکی آرتھر ہیڈ کوچ ہوں گے جبکہ دوسرے عہدیداروں میں گرانٹ فلاور بیٹنگ کوچ، گرانٹ لیوڈن ٹرینر، اظہر محمود بولنگ کوچ اورکلیفی ڈیکون فزیوتھراپسٹ اورطلحہ اعجاز  اینالسٹ ہوں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایشیا کپ میں شریک6 ٹیموں کو2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ ’اے‘ میں پاکستان، بھارت اور ایک کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی جبکہ گروپ ’بی‘ میں  سری لنکا،  بنگلہ دیش اور افغانستان کورکھا گیا ہے، ہر گروپ  سے سرفہرست 2 ٹیمیں  سپر چار مرحلے میں جگہ پکی کرنے میں کامیاب رہیں گی، ٹاپ ٹیموں کے درمیان  فائنل   کھیلا جائے گا۔افتتاحی میچ15 ستمبر کو  بنگلہ دیش اورسری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا، 16 ستمبر کو پاکستانی ٹیم  گروپ اے کی کوالیفائر ٹیم کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیگی،گرین شرٹس ایشیائی ایونٹ  کے  دوسرے میچ میں  19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

سپرفورمرحلے کا آغاز21 ستمبر سے شروع ہو کر  26 ستمبر تک جاری رہے گا جبکہ فائنل28 ستمبر کو رکھا گیا ہے۔ایشین کپ کاآغاز1984 میں شارجہ سے ہوا اور اب تک  ایشیائی ایونٹ کے13 کامیاب ایڈیشنز ہو چکے ہیں۔ بھارت کو اب تک سب سے زیادہ6 بارایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، بلوز شرٹس نے یہ اعزازات  1984، 1988، 1990،1995، 2010 اور 2016 میں حاصل کیے تھے۔سری لنکا  اب تک 5 بار 1986،1997، 2004، 2008 اور2014 میں ٹائٹل  اپنے نام کرچکاہے، پاکستانی ٹیم کو صرف 2 بارایشیائی ایونٹ اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، گرین شرٹس نے 2000 اور  2012میں ایشیائی چیمپئن  بننے کا اعزازحاصل کیا تھا۔ بنگلہ دیش،  یو اے  ای،  ہانگ، کانگ اور افغانستان کی ٹیمیں  تاحال ٹائٹل کی دوڑ میں شامل نہیں ہوسکی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close