کھیل و ثقافت

ایشین گیمز ہاکی: پاکستان روایتی حریف بھارت سے برانز میڈل کا میچ ہار گیا

ایشین گیمز ہاکی میں پاکستان ٹیم روایتی حریف بھارت سے برانز میڈل کا میچ ہار گئی۔ روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن اور برانز میڈل حاصل کرلیا۔

جکارتہ میں جاری ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تیسری پوزیشن کے لیے دلچسپ مقابلہ ہوا۔

بھارت نے کھیل کے ابتداء میں ہی پاکستان کے خلاف گول اسکور کردیا، یہ گول آکاش دیپ سنگھ نے بنایا۔ دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے بھارت کے خلاف تابڑ توڑ حملے کئے مگر گول نہ ہوسکا۔

چوتھے اور آخری کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے خوب تیزی دکھائی، بھارتی کھلاڑی پردیپ سنگھ نے ایک اور گول کردیا۔

پاکستان کی طرف سے محمد عتیق نے گول کرکے خسارہ کم تو کیا مگر دوسرا گول اسکور نہ ہوسکا اور یوں بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر برانز میڈل اپنے نام کرلیا۔

جاپان ہاکی کا ایشین چیمپئن بن گیا

ایشین گیمز ہاکی کے فائنل میں جاپان نے ملائیشیا کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دے کر سونے کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

جاپان اور ملائیشیا کے درمیان میچ مقررہ وقت تک 6-6 گول سے برابر رہا جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر کیا گیا۔

پینلٹی اسٹروکس پر جاپان نے ملائیشیا کو 1-3 سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا جبکہ ملائیشیا کے حصے میں چاندی کا تمغہ آیا۔

وزیراعظم کھلاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لیں، ڈائریکٹر پی ایچ ایف

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے ڈائریکٹرنوید عالم شکست پر ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں پر برس پڑے اور کہا کہ پاکستان کی شکست پر مایوسی ہوئی۔

نوید عالم نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں نے پاکستان کی عزت کا خیال نہیں کیا، ہاکی فیڈریشن نے مشکلات میں کھلاڑیوں کیلئے سب کچھ کیا لیکن نتیجہ صفر نکلا۔

نوید عالم نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اور پی ایچ ایف کے صدر کھلاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لیں، غیر ملکی کوچ اور سینئرمینجمنٹ کی تعیناتی کے باوجود کھلاڑی پرفارمنس نہ دکھا سکے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close