کھیل و ثقافت

آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ: پاکستان کی دو اسپنرز کے ساتھ حملہ آور ہونے کی تیاری

پاکستان نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن پر حملہ آور ہونے کیلئے دبئی ٹیسٹ میں اپنے دو اسپنرز لیگ اسپنر یاسر شاہ اور آف اسپنر بلال آصف کے ساتھ حملہ آور ہونے کی تیاری کی ہے جبکہ فاسٹ بولنگ کا شعبہ تجربہ کار وہاب ریاض اور محمد عباس پر مشتمل ہوگا۔

بلا ل آصف اتوار کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کیخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کریں گے۔ اسپن وکٹ پر پاکستان کے پاس محمد حفیظ، اظہر علی اور حارث سہیل کی شکل میں آپشن بھی موجود ہوں گے۔

آسٹریلیا کی ٹیم ٹیسٹ میں کم ازکم تین کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دے گا۔ جون میں ہونے والے لارڈز ٹیسٹ کے ہیرو محمد عباس کے ساتھ لیفٹ آرم فاسٹ بولر وہاب ریاض کی پاکستان ٹیم میں واپسی ہورہی ہے۔ دو سال بعد اوپنر محمد حفیظ بھی ٹیم میں آرہے ہیں۔ ایشیا کپ میں کرکٹ ٹیم کی ناکامی کے بعد محمد حفیظ کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

دوٹیسٹ میچز کی اس سیریز میں آسٹریلیا کو بدنام زمانہ بال ٹمپرنگ تنازع کی وجہ سے کپتان اسٹیو اسمتھ اور اوپنر ڈیوڈ وارنر کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔ ٹم پین کو آسٹریلیا کی نسبتاً کم تجربہ کار ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔ آسٹریلیا کا شمار دنیا کی صف اول کی ٹیموں میں ہوتا ہے لیکن گذشتہ ایک دہائی کے دوران ایشیائی وکٹوں پر اس نے24 میں سے صرف تین ٹیسٹ جیتے ہیں۔

2014 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا کو دوصفر سے شکست دی تھی۔ پاکستان کا شمار دنیا کی ان ٹیموں میں ہوتا ہے جو ٹیسٹ میچز کم کھیلتی ہیں۔ گذشتہ دو سال کے دوران پاکستان کو دس ٹیسٹ میں شکست ہوئی جبکہ اس نے چھ کامیابیاں حاصل کیں۔

رواں سال کے اوائل میں پاکستان نے آئرلینڈ میں واحد ٹیسٹ جیتا اور انگلینڈ کے ساتھ دو ٹیسٹ کی سیریز ایک ایک سے برابر کی۔ گذشتہ سال امارات میں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی تھی جس میں پاکستان کو دونوں میچوں میں شکست ہوئی تھی۔

پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف میچ کیلئے 12 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے۔ محمد حفیظ اور امام الحق اننگز کا آغاز کریں گے۔ اظہر علی ون ڈاؤن پر کھیلیں گے۔ مڈل آرڈر بیٹنگ میں بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل اور کپتان سرفراز احمد ہوں گے۔

پاکستان ٹیم میں دو اسپنرز بلال آصف اور یاسر شاہ ہوں گے جبکہ دو فاسٹ بولرز وہاب ریاض اور محمد عباس ہوں گے۔ میر حمزہ بارہویں کھلاڑی ہوں گے۔

آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے تصدیق کی ہے کہ میٹ رین شا پہلا ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔24 سالہ لاسبس چیگین کو موقع دیا جائے گا۔ فاسٹ بولنگ میں مچل اسٹارک اور پیٹرسڈل شامل ہوں گے جبکہ اسپن بولنگ کے شعبے میں نیتھن لیون اور ہالینڈ کو ترجیح دی جائے گی۔

پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان زخمی ہونے کے سبب آسٹریلیا کے خلاف اتوار سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ شاداب خان متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے اور وہ تاحال مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 16 اکتوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سنہ 2014 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں اسپنرز نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پاکستانی اسپنرز ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے گرنے والی 40 میں سے 26 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان کے 11 کھلاڑی یہ ہوں گے : محمد حفیظ، امام الحق، اظہر علی، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، سرفراز احمد (کپتان، وکٹ کیپر)، بلال آصف، یاسر شاہ، وہاب ریاض اور محمد عباس۔ میر حمزہ 12 ہویں کھلاڑی ہوں گے۔

آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی ٹم پین کریں گے دیگر کھلاڑیوں میں ایرون فنچ، عثمان خواجہ، شان مارش، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، لاسبس چیگین، پیٹر سڈل، مچل اسٹارک، نیتھن لیون اور ہالینڈ۔

انگلینڈ کے رچرڈ النگورتھ اور رچرڈ کیٹل برا امپائر جبکہ بھارت کے سندرم روی ٹی وی امپائر اور سری لنکا کے راجن مدو گالے میچ ریفری ہوں گے۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close