کھیل و ثقافت

دبئی ٹیسٹ: آسٹریلیا کی پاکستان کے 462 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ

دبئی ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔ سرفراز الیون نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز ڈکلئیر کی تو آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں مہنان ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنا لیے ہیں۔

محمد عباس نے آسٹریلیا کی دوسری اننگز کے 30 اوور میں پہلے ایرون فنچ کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر شان مارش کو بھی وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔ ایرون فنچ نے 49 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ شان مارش اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

قبل قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق اور حارث سہیل نے چوتھے روز کھیل شروع کیا تو امام الحق 23 اور حارث سہیل صفر رنز پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ پر 65 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 110 تک پہنچا تو امام الحق 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے حارث سہیل 39 رنز بناسکے۔

کھانے کے وقت تک قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے، وقفے کے بعد اسد شفیق 181 کے مجموعے پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کپتان نے اننگز ڈکلئیر کردی۔

بابراعظم 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور اس طرح قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے جون ہولاند نے 3، نیتھن لیون اور لیبسچگنی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

گزشتہ روز آسٹریلوی ٹیم 202 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم نے فالو آن نہ کروانے کا فیصلہ کیا اور دوسری اننگز شروع کی تاہم دن کے اختتام پر پاکستان نے صرف 45 رنز پر 3 وکٹیں گنوائیں۔

کھیل کا تیسرا روز

دوسری اننگز میں پاکستان کو پہلا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں ہوا جنہوں نے پہلی اننگز میں سنچری اسکور کی تھی تاہم وہ صرف 17 رنز بناسکے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 38 کے مجموعی اسکور پر گری جب بلال آصف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے حالانکہ وہ نائٹ واچ مین کے طور پر آئے تھے۔ اس کے بعد اظہر علی بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی صرف 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد تیسرے دن کا کھیل اختتام کو پہنچا۔

ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلوی اوپنرز کے سوا کوئی بلے باز نمایاں بیٹنگ نہ کرسکا، ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے پہلی وکٹ پر 142 رنز کی شراکت قائم کی اور پوری ٹیم 202 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے بعد قومی ٹیم کو کینگروز پر 280 رنز کی سبقت بھی حاصل ہوئی۔

پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ایرون فنچ 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 160 تک پہنچا تو شان مارش 7 رنز بنانے کے بعد بلال آصف کا شکار بنے۔

اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ سب سے زیادہ 85، مچل مارش 12، پیٹر سڈل 10 اور کپتان ٹم پین 7 رنز بناسکے جب کہ ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبسچگنی اور مچل اسٹارک بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے کیرئیر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بلال آصف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد عباس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں محمد حفیظ اور حارث سہیل کی سنچریوں کی بدولت 482 رنز بنائے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close