کھیل و ثقافت

پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے آسٹریلیا کو 66 رنز سے شکست دیدی

ابوظہبی: ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو با آسانی 66 رنز سے شکست دیدی۔ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 156 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم اننگز کے آغاز سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور پہلے ہی اوور میں عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس کے بعد فہم اشرف نے چوتھے اوور میں گلین میکسویل کی اہم وکٹ حاصل کی جب کہ اسی اوور میں فخر زمان نے مک ڈرموٹ کو رن آؤٹ کر کے آسٹریلوی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔

پانچویں اوور میں 22 کے مجوعی اسکور پر عماد وسیم نے الیکس کیری کو کیچ آؤٹ کرکے آدھی کینگروز ٹیم کو پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن کارٹر نیل 34 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ ایشتھن اگر نے بھی 19 رنز کی اننگز کھیلی۔

پوری آسٹریلوی ٹیم 17ویں اوور میں 89 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے تین جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حسن علی اور شاداب خان کے حصے میں بھی ایک ایک وکٹ آئی۔

عماد وسیم کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 32 کے مجوعی رنز پر فخرزمان اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور اسٹین لیک کی گیند پر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم کے درمیان 73 رنز کی پارٹنر شب ہوئی تاہم 105 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

105 رنز پر دوسری وکٹ گرنے کے بعد 6 کھلاڑی صرف 28 رنز کا اضافہ کرسکے، حسین طلعت 9، آصف علی 2 اور شاداب خان ایک رنز جب کہ فہیم اشرف، کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

نویں وکٹ کی شراکت میں بابر اعظم اور حسن علی نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور حسن علی نے ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بابر اعظم کی 68 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان نے آسٹریلوی ٹیم کو 156 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹین لیک اور ٹائی نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی 20 میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

حالیہ دورے میں میزبان پاکستان نے آسٹریلیا کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر سے شکست دی جس کے بعد اب دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ 26 اکتوبر اور آخری ٹی ٹوئنٹی 28 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close