کھیل و ثقافت

نیوزی لینڈ کو شکست، پاکستان نے لگاتار 11ویں ٹی20 سیریز جیت لی

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی20 میچ میں شکست دے کر لگاتار 11ویں ٹی20 سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے اوپنرز نے درست ثابت کردکھایا۔

اوپنرز گلین فلپس اور کولن منرو نے اپنی ٹیم کو لگاتار دوسرے میچ میں پاور پلے کے دوران ہی 50رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جس میں فلپس کا حصہ صرف 5رنز کا رہا۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شاہین شاہ آفریدی نے فلپس کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ اگلے اوور میں محمد حفیظ نے 44رنز بنانے والے منرو کی اہم وکٹ حاصل کی۔

اسکور 67تک پہنچا ہی تھا کہ عماد وسیم نے کولن ڈی گرینڈ ہوم کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا جبکہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں روس ٹیلر بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔

83رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد کپتان کین ولیمسن کا ساتھ دینے کوری اینڈرسن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 42رنز کی شراکت قائم کی لیکن شاہین آفریدی نے ولیمسن کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کردیا، ولیمسن نے 37رنز بنائے۔

دوسرے اینڈ سے اینڈرسن نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 25گیندوں پر دو چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 44رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی معقول مجموعے تک رسائی یقینی بنائی۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 153رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور بابراعظم نے قومی ٹیم کو 4.4اوورز میں 40رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن کین ولیمسن کے عمدہ کیچ کے سبب جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے فخر 15گیندوں پر 24رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

اس کے بعد بابر کا ساتھ دینے آصف علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 56رنز جوڑ کر ہدف کی جانب پیش قدمی جاری رکھی، بابر 41گیندوں پر 40رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

آصف علی نے گزشتہ میچ کی نسبتاً بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن 114 کے مجموعے پر وہ بھی 38رنز بنانے کے بعد پویلین سدھارے۔

آصف کے آؤٹ ہونے کے بعد حفیظ نے جارحانہ انداز اپنا کر میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا اور شعیب ملک کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 34رنز جوڑے۔

شعیب ملک میچ کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے لیکن محمد حفیظ نے چوکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرا دیا، انہوں نے 21گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 34رنز کی اننگز کھیلی۔

میچ میں 6وکٹوں میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز بھی اپنے نام کر لی جو اس کی لگاتار 11ویں ٹی20 سیریز میں فتح ہے۔

4 اوورز میں 20رنز کے عوض تین وکٹیں لینے پر نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close