کھیل و ثقافت

بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی: ایمرجنگ ایشیا کپ کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے ماہ پاکستان میں شروع ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ کے لیے اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی زیر صدارت لاہور میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں آئندہ دو برسوں کے لیے اے سی سی کی صدارت بنگلہ دیش کے سپرد کی گئی۔

اجلاس میں اے سی سی کے رکن ملکوں کے 33 نمائندے شریک ہوئے۔

اے سی سی کی جنرل باڈی کے اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن اور ایشیائی ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی لیکن بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے نمائندے کو پاکستان بھیجنے سے گریز کیا۔

اجلاس میں کرکٹ کو ایشین گیمز سمیت اسی طرح کے دیگر مقابلوں میں شامل کرنے پر بھی غور کیا گیا اور کہا گیا کہ 2022 میں چین میں ہونے والی ایشین گیمز کے لیے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

اراکین نے پاکستان میں اے سی سی کے ذریعے بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اے سی سی اراکین اور آئی سی سی کے سی ای او ڈیوڈ رچرڈسن کی پاکستان آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ کرکٹ ہو۔

ایشین کرکٹ کونسل کے نئے صدر اور بنگلہ دیش بورڈ کے چیئرمین نظم الحسن کا کہنا تھا کہ میں اے سی سی کا صدر منتخب ہونے پر تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری پہلی کوشش ایشیا کے کرکٹ کھیلنے والے ممالک کو جوڑنا اور خطے میں کھیل کا فروغ ہو گا۔

اعلامیے کے مطابق تمام رکن ممالک اور ان کے عہدیداروں نے شرکت کی جہاں شرکاء کو اے سی سی کے ترقیاتی منصوبوں، ٹورنامنٹس اور 2017 میں ہونے والے پروگراموں پر بریفنگ دی گئی۔

اے سی سی کے نومنتخب صدر نظم الحسن کا کہنا تھا کہ بھارتی، پاکستانی، سری لنکن اور بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈز آپس میں کھیلنا چاہتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ کرکٹ بورڈز کا مسئلہ نہیں بلکہ کچھ سیاسی مسائل ضرور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔

پاکستان آئندہ ماہ کراچی میں ایمرجنگ ایشیا کپ کے میچوں کی میزبانی کرے گا تاہم بھارت میچ کھیلنے کراچی نہیں آئے گا اور بھارت کے میچ سری لنکا میں ہوں گے۔

اجلاس میں ایمرجنگ ایشیا کپ سات سے نو دسمبر تک کراچی میں کرانے پر اتفاق کیا گیا لیکن فائنل اور بھارت کے پول میچ سری لنکا میں ہوں گے۔

کراچی میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ کے لیے بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور امارات نے اپنی ٹیموں کی شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close