کھیل و ثقافت

پاکستان نے دبئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو فالو آن کرادیا

دبئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 90 رنز بنا کر فالو آن کا شکار ہوگئی جبکہ دوسری اننگز میں مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنالیے ہیں۔ تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم 44 اور روس ٹیلز 49 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے اور اور کیوی ٹیم 197 رنز کے خسارے میں تھی۔

دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز یاسر شاہ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی کیوی بلے باز کو کریز پر زیادہ دیر کھڑے ہونے نہ دیا اور 41 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

کین ولیمسن کی قیادت میں کیوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس میں 6 بلے باز بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی بہترین بولنگ کی، اس سے قبل انہوں نے سری لنکا کے خلاف 2015 میں 74 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ پر 328 رنز کی برتری حاصل ہوئی تو کپتان سرفراز احمد نے فالو آن کرانے کو ترجیح دی۔

تیسرے روز کھیل کا آغاز

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں ایک گھنٹہ تاخیر سے میدان میں اتریں تو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 24 کے مجموعی اسکور سے دوبارہ شروع کی، جیت راول 17 اور ٹام لیتھم 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن یاسر شاہ کی عمدہ بولنگ کے سامنے کوئی بیٹسمین زیادہ دیر تک کریز پر نہ رک پایا۔

گزشتہ روز پاکستان نے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 418 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلئیر کردی تھی۔ اس وقت بابراعظم 127 اور کپتان سرفراز احمد 30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حارث سہیل نے 147 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close