کھیل و ثقافت

ہاکی ورلڈکپ: پاکستان، نیدرلینڈز سے شکست کے باوجود پری کوارٹر فائنل میں

ہاکی ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے آخری مرحلے کے میچوں میں نیدرلینڈز نے پاکستان کو 5-1 اور جرمنی نے ملائیشیا کو 5-3 سے شکست دے دی تاہم پاکستانی ٹیم کے پاس اب بھی ایونٹ میں اپنے سفر کو جاری رکھنے کے لیے ایک موقع باقی ہے۔

بھارت کے شہر بھوبھنشور میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم کھیل پر چھائی رہی اور پہلے کوارٹر کے ساتویں منٹ میں ہی تھیری برینکمان نے گول کر کے برتری دلادی۔

پاکستان کے عمر بھٹہ نے فوری طور پر نویں منٹ میں شاندار گول کے ذریعے پاکستان ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی جو میچ کے 27 ویں منٹ تک برقرار رہی تاہم ویلنٹن ویرگا نے گول کرکے پاکستان پر ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے 37 ویں منٹ میں بوب ڈی ووگڈ، 47 ویں منٹ میں جورٹ کرون اور 59 ویں منٹ میں مینک وین ڈیر ویرڈین نے گول کرکے ٹیم کی جیت پر مہر ثبت کردی۔

مقررہ وقت پر نیدرلینڈز کو پاکستان پر 1 کے مقابلے میں 5 گول کی برتری حاصل تھی اور میچ کا اختتام اسی برتری پر ہوا۔

نیدرلینڈز کے سیووین ایس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قومی ٹیم نے شکست کے باوجود پری کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔

پاکستان کو پری کوارٹرفائنل میں جانے کے لیے نیدرلینڈز سے شکست کی صورت میں گروپ کی دوسری ٹیم ملائیشیا کو جرمنی سے ہارنا لازم تھا اگر ملائیشیا کی ٹیم یہ میچ جیت جاتی تو قومی ٹیم کی اگلے مرحلے میں رسائی مشکل ہوجاتی۔

اگر ملائیشیا اپنا میچ برابر کرتاتو پاکستان کو پری کوارٹرفائنل میں پہنچنے کے لیے نیدرلینڈز سے میچ کو برابر کرنا پڑتا۔

پاکستان کوارٹر فائنل تک رسائی کے لیے 11 دسمبر کو بیلجیئم سے اہم میچ کھیلے گا۔

ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کو اب تک نیدرلینڈز سے قبل جرمنی کےہاتھوں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ملائیشیا کےخلاف میچ ڈرا ہوا تھا۔

قبل ازیں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کشمنر سہیل محمود سےملاقات کی۔

پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور عالمی کپ میں ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔

جرمنی کی ملائیشیا کو شکست

گروپ ڈی کے ایک اور اہم میچ میں جرمنی نے ملائیشیا کو اچھے مقابلے کےبعد 5-3 سے شکست دے کر گروپ میں اپنی برتری برقرار رکھی۔

جرمنی نے گول کاآغا محض دوسرے منٹ میں کیا جب ٹم ہیرزبرگ نے پہلا گول کیا جس کے بعد 14 اور 18 ویں منٹ میں جرمنی کے کرسٹوفر پوہر نے دو گول کرکے برتری دوگنا کردی۔

ملائیشیا کے راضی رحیم نے میچ کے 26 ویں منٹ میں برتری کو کم کیا جس کے تھوڑی دیر بعد 28 ویں منٹ میں نبیل نور نے گول کرکے میچ سنسنی خیز بنادیا۔

جرمنی کے مارکو نے 39 ویں منٹ میں گول کرکے ملائیشیا پر برتری واضح کردی تو راضی رحیم نے 42 ویں منٹ میں گول کیا لیکن ٹیم کو اب بھی ایک گول کا مارجن تھا۔

جرمنی کے ٹم ہرزبرگ نے 59 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی برتری کو مزید 2 گول تک وسیع کردیا۔

کھیل کے مقرر وقت تک جرمنی نے 5 اور ملائیشیا نے 3 گول کیے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close