کھیل و ثقافت

یونس خان کو پاکستان جونیئر ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنانے کی تیاریاں مکمل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماضی کے عظیم بیٹسمین یونس خان کو پاکستان جونیئر ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

مئی میں باسط علی کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد پوری ہو جائے گی اور پی سی بی انتظامیہ نے باسط علی کی سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سابق کپتان یونس خان کو طویل مدت کے لیے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی ذمے داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔

پی سی بی چیئرمین احسان مانی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پی سی بی بھارتی طرز پر جونیئر ٹیم کا کوچ لانا چاہتا ہے۔ راہول ڈریوڈ طرز کے فارمولے پر یونس خان کو سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ کی دہری ذمے داری سوپنی جائے گی۔

یونس خان کے قریب رہنے والوں کا دعویٰ ہے کہ یونس خان سے ابھی بورڈ کے کسی ذمے دار نے اس بارے میں رابطہ نہیں کیا ہے تاہم بورڈ کےکئی اہم لوگوں نے بالواسطہ یونس خان سے رابطے کئے ہیں۔

پی سی بی کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کو بااختیار اور طویل مدت کے لئے کوچ بنایا جائے گا، انہیں سلیکشن کمیٹی کا بھی سربراہ بنایا جائے گا۔

احسان مانی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ کرکٹ امور میں کوئی مداخلت نہیں کرتے ہیں اس لیے یونس خان کو جونیئر کرکٹرز کو گروم کرنے اور مستقبل کے اسٹار بنانے کی ذمے داری سونپی جائے گی۔

یونس خان اپنے مزاج کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، ان کے ساتھ ایک اور سابق لیفٹ آرم اسپنر ندیم خان کو منیجر بنایا جائے گا۔معاہدے کی تفصیلات طے ہونے کے بعد اس کا اعلان مئی میں متوقع ہے۔

انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ اور یو بی ایل کرکٹ ٹیم بند ہونے کے بعد یونس خان ان دنوں فارغ ہیں، امکان طاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے تجربے سے پاکستانی نوجوانوں کو فائدہ پہنچائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے ایم ڈی کی تقرری کے بعد کرکٹ میں کئی اہم فیصلے ہوئے ہیں، ماضی میں ہر دورے میں نیا کوچ مقرر کیا جاتا تھا، اس روش کو تبدیل کر کےاب پی سی بی انتظامیہ یونس خان کو مستقل بنیادوں پر کوچ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close