کھیل و ثقافت

ورلڈ کپ 2019ء: پاک بھارت ٹاکرا ، بھارت کا پاکستان کو 337 رنز کا ہدف

اولڈ ٹریفورڈ: کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آج پاک بھارت ٹاکرا ہورہا ہے اور بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 337 رنز کا ہدف دیا ہے۔ اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کرکٹ ورلڈکپ کا اہم میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جارہا ہے جس میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور لوکیش راہول نے کیا،  دونوں اوپنرز نے پر اعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 163 رنز بنائے، دونوں اوپنرز نے نصف سنچری مکمل کی تاہم لوکیش راہول 57 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ روہت شرما نے جارحانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور سنچری اسکور کرتے ہوئے 140 رنز کی اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں: سرفراز احمد بھارت کیخلاف شیروں کی طرح ٹیم کی قیادت کرے، وسیم اکرم کا مشورہ

ون ڈاؤن آنے والے ویرات کوہلی نے جارحانہ انداز اپنایا اور نصف سنچری اسکور کی، ہاڑڈک پانڈیا 26 اور ایم ایس دھونی صرف ایک رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جب کہ کپتان ویرات کوہلی 77 رنز پر محمد عامر کا شکار بن گئے، وجے شنکر 15 اور یادیوو 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بھارت  نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 336 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے تجربہ کار محمد عامر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 10 اوورز کے کوٹے میں 47 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ  وہاب ریاض نے 10 اوورز میں 71 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ حاصل کی۔

حسن علی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 9 اوورز میں 84 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، شاداب خان نے 9 اوورز میں 61، عماد وسیم نے 10 اوورز میں 49 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔

دوسری جانب برطانوی محکمہ موسمیات نے پاک بھارت میچ کے بارش سے متاثر ہونے کی پیش گوئی کی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کی اننگز کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔

قومی ٹیم میں شاہین آفریدی اور آصف علی کو ڈراپ کرکے شاداب خان اور عماد وسیم کو شامل کیا گیا ہے جب کہ بھارتی ٹیم میں شیکھر دھون کی جگہ وجے شنکر شامل ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close