کھیل و ثقافت

بابر اعظم کاؤنٹی ایونٹ میں عمدہ فارم برقرار رکھنے کیلئے پُراعتماد

ٹاؤنٹین: انگلش کاؤنٹی نے مختصر ترین فارمیٹ کے ٹاپ رینکڈ بیٹسمین سے ٹرافی جتوانے کی امیدیں وابستہ کرلیں جب کہ نوجوان پاکستانی کرکٹر ورلڈ کپ کی عمدہ فارم برقرار رکھنے کیلئے پُراعتماد ہوں۔

بابر اعظم نے انگلش کاؤنٹی سمرسٹ کو بدھ کے روز جوائن کیا اور دوپہر کو نیٹ سیشن میں بھی بھرپور انداز میں حصہ لیا، جمعرات کی شب گلیمورگن کے خلاف ٹوئنٹی 20 بلاسٹ میچ میں وہ میدان میں اترے۔

حال ہی میں ختم ہونے والے ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی پرفارمنس کافی اچھی رہی اور وہ کاؤنٹی ایونٹ میں بھی اپنی فارم کو برقرار رکھنے کیلیے پراعتماد ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مجھے ٹاؤنٹن میں موجودگی کی بہت زیادہ خوشی ہے اور اب سمرسٹ کیلیے کرکٹ کھیلنے کو بے قرار ہوں، میں کلب کا بھی مشکور ہوں کہ انھوں نے میری خدمات حاصل کیں اور کاؤنٹی کیلیے کھیلنے کا موقع دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی بلے باز بابر اعظم عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے

بابر اعظم نے کہا کہ میرے لئے ورلڈ کپ کافی اچھا رہا اور مجھے اس بات کی بھی پوری امید ہے کہ سمرسٹ کیلیے بھی عمدہ کھیلنے کا سلسلہ برقرار رکھوں گا۔ میں نے کافی سخت محنت کی، میگا ایونٹ سے قبل انگلینڈ سے سیریز کی وجہ سے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوچکا اور خود کو کافی پُراعتماد محسوس کررہا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ میں انگلینڈ میں کرکٹ کھیلنا پسند کرتا  اور اب سمرسٹ کی نمائندگی کیلیے تیار ہوں، ہمارا کلب پہلے ہی ون ڈے کپ جیت چکا اور مجھے امید ہے کہ اس سال میں انھیں ٹوئنٹی 20 ٹرافی جتوانے میں مدد دوں گا۔

بابر اعظم نے مزید کہاکہ میں اب ٹاؤنٹن میں اپنے نئے ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کے حوالے سے کافی پُرجوش ہوں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close