کھیل و ثقافت

ریپ الزامات کو سامنے نہ لانے سے متعلق باہمی رضامندی کا معاہدہ کیا ، رونالڈو کا اعتراف

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ریپ الزام لگانے والی سابق ماڈل کو خاموش رہنے کے لیے لاکھوں ڈالر دیے۔

کرسٹیانو رونالڈو اس سے قبل ریپ الزامات لگانے والی سابق امریکی ماڈل کیتھرین مایورگا کو جھوٹا قرار دیتے آ رہے تھے اور دعویٰ کرتے رہے تھے کہ ایسا کوئی واقعہ ہی پیش نہیں آیا۔

کیتھرین مایورگا نے ستمبر 2018 میں کرسٹیانو رونالڈو پر 9 سال قبل ریپ کا الزام لگاتے ہوئے ان کے خلاف امریکی ریاست نیواڈا میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ریپ واقعے کے بعد ماڈل ذہنی طور پر پریشان رہیں، یہاں تک کہ انہوں نے متعدد بار خودکشی کرنے کا بھی سوچا۔ ماڈل نے فٹ بالر کے خلاف 2 لاکھ امریکی ڈالر کے ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا۔

کرسٹیانو رونالڈو نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کیتھرین مایورگا کو جھوٹا قرار دیا تھا، لیکن اب انہوں نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے الزام لگانے والی خاتون کو خاموش رہنے کے لیے پیسے دیے۔

رونالڈو کی جانب سے نیواڈا کی ریاست میں نئے دستاویزات جمع کرائے گئے ہیں جن میں تسلیم کیا گیا ہے کہ انہوں نے الزام لگانے والی خاتون کو خاموش رہنے کے لیے 3 لاکھ 75 ہزار امریکی ڈالر دیے۔

کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے جمع کرائے گئے دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ خاتون اور فٹ بالر کے درمیان پیسوں کے عوض معاہدہ طے پایا تھا کہ معاملے کو سامنے نہیں لایا جائے گا۔

فٹ بالر نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ انہوں نے ریپ الزامات کو سامنے نہ لانے سے متعلق باہمی رضامندی کا معاہدہ کیا اور انہوں نے خطیر رقم بھی ادا کی، اس لیے ان کے خلاف دائر کیس کو خارج کردیا جائے۔

کرسٹیانو رونالڈو نے خاتون کو الزامات سامنے لانے اور خاموش رہنے کے لیے پیسے دینے کا اعتراف کیا ہے، وہیں انہوں نے دستاویزات میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کے درمیان کچھ بھی غلط عمل نہیں ہوا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close