کھیل و ثقافت

فٹبال ورلڈکپ کی ٹیمیں 32 سے بڑھا کر 48 کیے جانے کا امکان

فٹبال کے عالمی نگراں ادارے فیفا کی رولنگ کونسل ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 48 کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔

یہ فیصلہ منگل کو ہونے والےایک اجلاس میں کیا جائے گا۔

اگر یہ فیصلہ ہو جاتا ہے تو ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے نئی 16 ٹیموں میں افریقی اور ایشیائی ٹیموں کی شمولیت کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔

پہلے مرحلے میں تین ٹیموں پر مشتمل 16 گروپس ہوں گے جس کے بعد ناک آؤٹ کا مرحلہ کھیلا جائے گا۔

یورپی ممالک کے اہم فٹبال کلبز نے ان تبدیلیوں کی مخالفت کی ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کھلاڑیوں کو ایک سیزن کے دوران بہت زیادہ میچز کھیلنے پڑیں گے۔

لیکن بی بی سی کی دیکھی ہوئی فیفا کی ایک خفیہ رپورٹ کے مطابق نئے فارمیٹ کے مطابق ورلڈ کپ 32 دنوں پر محیط ہوگا اور فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیمیں سات میچز کھیلیں گی۔ موجودہ فارمیٹ میں بھی فائنل میں پہنچنے والی ٹیمیں سات میچز ہی کھیلتی ہیں۔

اس نئے فارمیٹ کے مطابق یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 16 اضافی ٹیموں کے باوجود کھیل کا معیار خراب نہیں ہوگا اور ساتھ ساتھ فیفا کو تقریبا ایک ارب ڈالر کی اضافی آمدنی بھی ہوگی۔

نئے فارمیٹ کی ایک اور تجویز کے مطابق پہلے مرحلے کے مقابلوں میں میچ برابر ہونے کی صورت میں پنالٹی شوٹ آؤٹ ہوگا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاۓ کہ تمام میچوں کا واضع نتیجہ سامنے آئے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی لیا جائے گا کہ 16 ٹیموں کو کس حساب سے بڑھایا جائیگا۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یورپی ممالک کی فٹبال تنظیم یویئفا نئے فارمیٹ کی حمایت اس شرط پر کرے گی کہ ورلڈ کپ میں ان کو 13 کے بجاِۓ 16 ٹیمیں کھلانے کی اجازت دی جائے۔

48 ٹیموں کے ٹورنامنٹ کو مکمل کرنے کے لیے 32 دن درکار ہوں گے جس میں 12 دن پہلے مرحلے کے لیے مختص ہوں گے جبکہ 20 دن ناک آؤٹ مرحلے کے لیے ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں کُل 80 میچز کھیلے جائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close