Uncategorized

بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری، سڑکیں بند، بجلی معطل

ملک کے بالائی علاقوں میں گزشتہ 3 روز سے جاری برفباری کے باعث جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے وہیں کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں جب کہ بجلی کی بندش سے عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سے شروع ہونے والی برف باری کا سلسلہ تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے، گلیات کی تمام سڑکیں بند ہیں جس کی وجہ سے گلیات کا ملک کے دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ ملکہ کوہسار مری کی سڑکیں تو کھلی ہیں مگرشدید سردی میں سنسان پڑی ہیں جب کہ گاڑیوں، درختوں، پہاڑوں اورمکانات نے برف کی سفید چادر تان رکھی ہے۔ مری میں اب تک 2 جب کہ گلیات میں 3 فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے۔ مری کے مختلف علاقوں میں درخت گرنے اور تاریں ٹوٹنے سے بجلی کا نظام معطل ہو کر رہ گیا ہے، لوگوں کی مشکلات کے حل کیلئے کمشنر، سی پی او اورسی ٹی او راولپنڈی مری میں موجود ہیں۔ شوگران، وادی کاغان اور ناران میں بھی 2 فٹ تک برفباری ہوچکی ہے، جس سے کئی دیہات کی رابطہ سڑکیں بند ہیں، بالائی علاقوں میں گزشتہ دو روزسے بجلی منقطع ہے جب کہ ناران جانے کا راستہ بھی بند ہے۔ آزاد کشمیر میں بالائی وادی نیلم، وادی لیپہ، محمود گلی، فارورڈ کہوٹہ کے بالائی علاقوں میں بھی شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close